QR CodeQR Code

افغانستان، فوجی وردی میں ملبوس حملہ آور کی فائرنگ، 3 امریکی فوجی ہلاک

10 Aug 2012 17:56

اسلام ٹائمز: افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق اسپشل فورس سے تھا اور حملے کے وقت وہ سنگن ڈسرکٹ میں ایک اجلاس میں شریک تھے۔ افغان پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے صوبے ہلمند میں ہونے والے حملے میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہلمند صوبے میں فوجی وردی میں ملبوس حملہ آور نے نیٹو فوجیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوگئے۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق اسپشل فورس سے تھا اور حملے کے وقت وہ سنگن ڈسرکٹ میں ایک اجلاس میں شریک تھے۔ افغان پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق افغانستان میں تازہ ترین واقعہ میں ایک افغان فوجی نے اپنے اسلحہ کا رخ نیٹو اتحادیوں کی طرف کر دیا۔ ایساف کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ہم تصدیق کرسکتے ہیں کہ افغان نیشنل آرمی کے ایک سپاہی نے لغمان صوبہ میں ایساف کے اراکین پر فائرنگ کی، تاہم جوابی فائرنگ میں انہوں نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان نے بتایا کہ مشرقی صوبے میں ہونیوالے اس حملے میں ایساف کا کوئی فوجی ہلاک نہیں ہوا، تاہم پالیسی کے مطابق انہوں نے کسی کے زخمی ہونے کی تصدیق بھی نہیں کی۔
 
یہ بڑھتے ہوئے واقعات میں فائرنگ کا تازہ ترین واقعہ ہے، جس میں افغان فوجی اپنے ہتھیاروں کا رخ نیٹو فوجیوں کی جانب موڑ دیتے ہیں، جو طالبان عسکریت پسندوں کی ایک عشرہ طویل عسکریت پسندی کیخلاف لڑائی میں کابل کی مدد کر رہے ہیں۔ صرف دو روز قبل ہی مشرق میں ایک امریکی فوجی اس وقت ہلاک ہوگیا تھا جب افغان فوجی وردیوں میں ملبوس دو افراد نے اپنے اتحادیوں پر فائرنگ کر دی تھی۔ ایک امریکی دفاعی اہلکار نے بتایا کہ دو مشتبہ فائرنگ کرنیوالے حراست میں ہیں، اور اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ آیا وہ طالبان درانداز ہیں۔


خبر کا کوڈ: 186418

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/186418/افغانستان-فوجی-وردی-میں-ملبوس-حملہ-آور-کی-فائرنگ-3-امریکی-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org