0
Saturday 11 Aug 2012 04:41

حکومت عوام اور تاجروں سے جبری فطرہ و زکوٰۃ کی وصولی کا نوٹس لے، نسیم صدیقی

حکومت عوام اور تاجروں سے جبری فطرہ و زکوٰۃ کی وصولی کا نوٹس لے، نسیم صدیقی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی نے شہریوں سے جبری طور پر صدقہ، زکوٰۃ اور فطرے کی رقوم کی وصولیابی پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بھتہ خوروں نے عوام اور تاجروں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ رمضان المبارک جیسے مبارک مہینے میں بھی بھتے کی وصولی کا کاروبار اپنے عروج پر ہے اور المیہ یہ ہے کہ کوئی ان بھتہ خوروں سے باز پرس کرنے کو تیار نہیں۔ حکومت عوام اور تاجروں کو بھتہ خوروں سے نجات دلانے کے بلند و بانگ دعوے تو کرتی ہے مگر عملاً صورتحال یہ ہے کہ بھتہ خور خود حکومت میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھتہ خوروں کی جانب سے روزانہ لاکھوں روپے کی بھتے کی پرچیاں چھوٹے بڑے تاجروں کو تھمائی جا رہی ہیں اور بھتہ نہ دینے پر صرف جان سے مارنے ہی کی دھمکیاں نہیں دی جارہی بلکہ عملاً تاجروں اور عوام کو موت کے گھاٹ بھی اتارا جا رہا ہے، جبکہ زکوٰۃ اور فطرے کی رقم بھی جبری طور پر وصول کی جارہی ہے، اس صورتحال نے تاجروں کیلئے کاروبار کرنا ناممکن بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فطرہ اور زکوٰۃ کی ادائیگی ایک شرعی فریضہ ہے، شہری اسے بھتہ خوروں کو کسی قیمت پر نہ دیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کراچی کے عوام اور تاجروں کو بھتہ خوروں سے تحفظ فراہم کرے اور فطرہ و زکوٰۃ جیسے مذہبی فریضے کو بھتے کی آلائش سے ناپاک نہ ہونے دے۔
خبر کا کوڈ : 186504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش