QR CodeQR Code

ملتان، یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

11 Aug 2012 16:48

اسلام ٹائمز: مرکزی جلوس صبح 6 بجے امام بارگاہ کاشانہ حیدر چاہ بوہڑ والا سے برآمد ہوا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دوپہر 2امام بارگاہ کاشانہ شبیر لال کرتی میں اختتام پذیر ہوا۔


اسلام ٹائمز۔حضرت علی علیہ السلام کا یوم شہادت ملک بھر کی طرح جنوبی پنجاب میں بھی انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا، مساجد اور امام بارگاہوں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جس میں علمائے کرام اور ذاکرین نے حضرت علی علیہ السلام کی حیات مبارکہ اور اسلام کے لئے انکی قربانیوں پر روشنی ڈالی جبکہ جنوبی پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں تعزیے اور علم کے جلوس نکالے گئے، جن میں شریک ہزاروں عزاداروں نے سینہ زنی اور زنجیر زنی کی، جلوسوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، جلوسوں کے راستوں پر دفعہ 144 نافذ کر کے ڈبل سواری پر پابندی اور خاردار تاریں لگا کر عام شہریوں کیلئے گزرنے کے لئے بند رکھا گیا۔ 

اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی کینٹ منصور احمد نے کہا کہ ملتان کے بارہ جلوسوں کے لیے 22 سو پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، ملتان کی سیکورٹی کے لیے 4 ایس پی، 8 ڈی ایس پی اور ایلیٹ فورس کے نوجوانوں کے علاوہ پنجاب کے دیگر اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہین، منصور احمد نے بتایا کہ جلوسوں کے روٹس کی آرمی کے کتوں کے ذریعے چیکنگ کی گئی ہے، اور اس حوالے سے پاک آرمی کی مدد ہمیں حاصل ہے۔ دوسری طرف ضلع ملتان سے نکلنے والے بارہ جلوس اپنے اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے رات گئے پُرامن طور پر اختتام پزیر ہوگئے۔
 
ملتان سے مرکزی جلوس صبح 6 بجے امام بارگاہ کاشانہ حیدر چاہ بوہڑ والا سے برآمد ہوا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دوپہر 2امام بارگاہ کاشانہ شبیر لال کرتی میں اختتام پذیر ہوا، دوسرا بڑا جلوس امام بارگاہ ناصر آباد جھک سے 2 بجے برآمد ہوا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا سہ پہر 4 بجے چوک بازار حسین آگاہی پہنچا، جہاں مولانا عمران عباس مظاہری نے خطاب کیا، مجلس عزاء کے بعد جلوس دوبارہ اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہا اور نماز مغربین حسین آگاہی روڈ پر مولانا کاشف ظہور نقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی، اس طرح یہ جلوس رات 9 بجے امام بارگاہ لعل شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔


خبر کا کوڈ: 186663

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/186663/ملتان-یوم-شہادت-حضرت-علی-علیہ-السلام-انتہائی-عقیدت-احترام-سے-منایا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org