QR CodeQR Code

وزارت دفاع کا لاپتہ افراد کے کوائف اور تعداد پر شدید تحفظات کا اظہار

11 Aug 2012 22:08

اسلام ٹائمز:وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ دماغی امراض میں مبتلا ہو کر گھر چھوڑنے اور تاوان کی خاطر اغواء کئے جانیوالوں کے نام بھی لاپتہ افراد کی فہرست میں ڈال دیئے گئے ہیں اور اس کا الزام بھی خفیہ اداروں پر لگا دیا جاتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پارلیمنٹ میں پیش کی جانے والی ایک رپورٹ میں وزارت دفاع کے لیگل سیل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 21 دسمبر 2010ء تک لاپتہ افراد کی تعداد صرف 148 تھی مگر یکم جنوری 2011ء سے لیکر بعد میں اب تک 624 مزید افراد اس فہرست میں شامل ہو گئے ہیں اور یہ تعداد 762 تک پہنچ گئی ہے، اس میں سے 254 بازیاب ہو گئے اور 508 اب بھی لاپتہ ہیں تاہم لاپتہ افراد کی روز بروز بڑھتی ہوئی تعداد کو سمجھنے کے لئے یہ بھی دیکھا جائے کہ کئی کیسز میں متاثرہ لواحقین ناصرف لاپتہ افراد کے لئے قائم کمیشن بلکہ سپریم کورٹ اور دیگر عدالتوں میں بھی کیسز رجسٹرڈ کروا رہے ہیں، کچھ کیسز میں جرائم پیشہ افراد نے تاوان کی خاطر لوگوں کو اغواء کیا لیکن ان کے لواحقین نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف کیسز کر دیئے، کچھ کیسز میں ایسے افراد جو کہ ذاتی دشمنی کی بنیاد پر مارے گئے ان کے لواحقین نے بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف ہی کیسز فائل کرائے۔

وزارت دفاع کے مطابق، لاپتہ افراد کی فہرست میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو کہ کسی دہشت گردی کی کارروائی میں مارے گئے یا انہوں نے دہشت گرد تنظیم میں شمولیت اختیار کر لی اور غائب ہیں، لواحقین نے ان افراد کی بازیابی کے لئے بھی عدالتوں سے رجوع کیا جو کہ طویل عرصہ سے گمشدہ تھے، اس فہرست میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو کہ دماغی امراض میں مبتلا تھے اور اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر چلے گئے جبکہ بعض اُن افراد کو بھی لاپتہ افراد کی فہرست کا حصہ بنا دیا گیا جو کہ بیرون ملک چلے گئے اور گھر والوں کو بتایا تک نہیں اور ان کا الزام بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر آتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 186738

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/186738/وزارت-دفاع-کا-لاپتہ-افراد-کے-کوائف-اور-تعداد-پر-شدید-تحفظات-اظہار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org