QR CodeQR Code

آزاد کشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست ختم کرنا چاہتا ہوں، بیرسٹر سلطان

12 Aug 2012 11:27

اسلام ٹائمز: سماہنی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسڑ سلطان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اصولی مئوقف پر قائم ہے جتنے بھی وزیراعظم قربانی دینگے کوئی بڑی بات نہیں کیونکہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور پی پی کے مرکزی رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مجھے عوام اور اپنی قیادت پر اعتماد ہے میں عوامی بل بوتے پر سیاست کرتا ہوں۔ سماہنی میرا سیاسی قلعہ ہے اور آج جنتی بڑی تعداد میں عوام نے یہاں جلسہ گاہ میں آ کر مجھ پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے میں انھیں یقین دلاتا ہوں کہ میں انکے مسائل حل کرانے کے لیے بھرپور کوشش کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سماہنی میں سرسالہ کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 
بیرسٹر سلطان نےکہا کہ سماہنی کے عوام کا استحصال کیا گیا اور یہاں تعمیروترقی، روزگار اور دیگر مسائل کے حوالے سے لوگوں کو پسماندہ رکھا گیا ہے میں وعدہ کرتا ہوں کہ اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ انھوں نےکہا کہ میں آزاد کشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کو ختم کرنا چاہتا ہوں۔ میں نے کراچی، لاہور اور سیالکوٹ کے بعد آج سماہنی سے دوبارہ آزاد کشمیر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا ہے اور اب کوٹلی اور مظفرآباد کے بڑے جلسے یہ ثابت کریں گے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔ سرسالہ چوک لائن آف کنٹرول پر واقع ہے میں یہاں سے مقبوضہ کشمیر کےعوام کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ ہم انکی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ ہیں۔ 

سماہنی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسڑ سلطان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اصولی مئوقف پر قائم ہے جتنے بھی وزیراعظم قربانی دینگے کوئی بڑی بات نہیں کیونکہ پیپلز پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور فیصلے مانتے ہیں۔ پارٹی کا حصہ ہوں لیکن کرپشن اور خرابی کے خلاف آواز اٹھا کے رہونگا۔ مسءلہ افغانستان اور مسئلہ کشمیر کا حل ممکن ہے مسئلہ کشمیر حل ہو گا تو مسئلہ افغانستان حل ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 186786

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/186786/ا-زاد-کشمیر-سے-کرپشن-اور-تعصب-کی-سیاست-ختم-کرنا-چاہتا-ہوں-بیرسٹر-سلطان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org