QR CodeQR Code

بلوچستان میں 90 فیصد غربت ہے، عبدالمتین اخوندزادہ

13 Aug 2012 01:19

اسلام ٹائمز: جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کیساتھ ایف سی کا رویہ نامناسب ہے۔ ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بدامنی پر کنڑول کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے ایک نمائندہ وفد نے صوبائی امیر عبدالمتین اخونزادہ کی قیادت میں بلوچستان کے حوالے سے وفاقی کابینہ کی خصوصی کمیٹی کے سربراہ اور وزیر دفاع نوید قمر، وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ، فارق ایچ نائیک، سردار عمر گورگیج، چنگیز جمالی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سے کوئٹہ میں ملاقات کی۔ جماعت اسلامی کے وفد میں صوبائی جنرل سیکرٹری بشیر احمد ماندائی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر اور عبدالرحیم ناصر بھی شامل تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالمتین اخونزادہ نے کہا کہ حکومتی بے حسی، غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے نوجوانوں کا ایک طبقہ اپنی انتہاء کو پہنچ گیا ہے۔ احساس محرومی سے نفرت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ غربت، جہالت، ناخواندگی نے بھی رہی سہی کسر پوری کر دی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں غربت ہے، مگر بلوچستان میں نوے فیصد غربت ہے، تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 36 فیصد خواندگی ہے، جو مگر نہ ہونے کے برابر ہے۔ ملازمتوں میں بلوچستان کے نوجوانوں سے زیادتی کی جارہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کوٹے پر ملک کے دیگر علاقوں کے لوگوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ جو حقوق آئین کے تحت دیئے گئے ہیں وہ بھی حکومت نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کیساتھ ایف سی کا رویہ نامناسب ہے۔ ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بدامنی پر کنڑول کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 187001

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/187001/بلوچستان-میں-90-فیصد-غربت-ہے-عبدالمتین-اخوندزادہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org