0
Monday 13 Aug 2012 13:51

امت مسلمہ کی بقا اتحاد میں ہی مضمر ہے، فلسطین کانفرنس

امت مسلمہ کی بقا اتحاد میں ہی مضمر ہے، فلسطین کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے قتل عام کی ذمہ دار پوری دنیا ہے، جس نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور سب سے بڑھ کر اس کے ذمہ دار عرب ہیں، جنہوں نے اپنے ہی بھائیوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے اور صہیونیوں نے فلسطینیوں کو ترنوالہ سمجھ رکھا ہے۔  لاہور پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے علامہ عبدالخالق اسدی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران، فلسطین فاؤنڈیشن کے عمار رضا زیدی، سنی تحریک کے مجاہد عبدالرسول، انجمن طلبہ اسلام کے عثمان محی الدین، جماعت اہلسنت کے صاحبزادہ افضال نورانی اور تحریک ناموس رسالت محاذ کے محمد علی نقشبندی نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ صہیونی درندگی کسی صورت قبول نہیں، اس کے خلاف آواز بلند کی جائے گی اور اگر اسرائیل نے اپنی جارحیت نہ روکی تو پاکستان سے مجاہدین کے لشکر روانہ کئے جائیں گے، جو اسرائیل کو صفحہ ہستی سے نابود کر دیں گے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطین عرب ممالک کی بےحسی کی وجہ سے آج تک پنچہ یہود سے آزاد نہیں ہو سکا، اگر عرب جاگ جائیں تو اسرائیل ایک منٹ سے بھی پہلے صفحہ ہستی سے نابود ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں اسلام کو بدنام کیا جا رہا ہے اور مسلمانوں کو دہشت گرد کہا جا رہا ہے، اس کی وجہ صرف مسلم امہ کا آپس میں اتحاد نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج امت مسلمہ متحد ہو جائے تو تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین، امت کے اتحاد سے ہی حل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین پوری امت کا مشترکہ مسئلہ ہے اور آج اس اسٹیج پر شیعہ، سنی، دیوبندی بریلوی، اہلحدیث تمام مکاتب فکر کے افراد موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امت کے معاملات میں ہم ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جس طرح اس فلسطین کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے افراد جمع ہیں، اسی طرح ہر ایشو پر ہمیں اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اگر ہم منتشر رہے جو کہ دشمن کی خواہش ہے تو ہمیں دشمن ختم کر دے گا، امت مسلمہ کی بقا اس کے اتحاد میں ہی مضمر ہے۔
خبر کا کوڈ : 187113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش