0
Monday 13 Aug 2012 16:19

پاکستان میں امریکی مداخلت ام المسائل ہے، سید وسیم اختر

پاکستان میں امریکی مداخلت ام المسائل ہے، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں آباؤاجداد کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا مگر بدقسمتی سے اس میں انگریزوں کا قانون رائج ہے، 64 برس سے ملک کو دیانتدار قیادت نصیب نہیں ہوئی، وسائل سے مالا مال اور جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہم ملک اندرونی خلفشار کا شکار ہے، اسلام اور پاکستان کے خلاف کفار کی طاقتیں متحد ہو چکی ہیں، دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی ریاست پاکستان کا وجود دنیا کو برداشت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذلت و رسوائی سے جان چھڑانی ہے تو ہمیں اللہ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہو گا، قرآنی فیصلہ ہے کہ یہودونصاریٰ کبھی بھی مسلمانوں کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، صرف اسلام پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات اور تقسیم در تقسیم سے بچا سکتا اور امت مسلمہ کا اتحاد کفار کے مظالم کو روک سکتا ہے، ملک میں تبدیلی اور انقلاب کا واحد راستہ اللہ کے قانون اور اس کے رسول(ص) کی سنت پر کاربند ہونا اور دیانت دار قیادت کے انتخاب کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی غلام حکمرانوں سے عوام کو خیر کی توقع نہیں، نیٹو سپلائی کی بحالی سلالہ پوسٹ کے شہدا کے خون سے غداری کے مترادف ہے، قوم کو نیٹو سپلائی کی بحالی کسی صورت میں بھی قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امریکی مداخلت ام المسائل ہے، حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، عوام حکمرانوں کے اصل چہرے دیکھ چکے ہیں، حکومت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کے بجائے رمضان پیکج کی تشہیری مہم پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی بدنظمی دنیا بھر میں بدترین کارکردگی کے طور دیکھی جا رہی ہے، کرپشن کا ناسور معاشرے کی جڑوں کو کمزور کر رہا ہے، ایوان صدر سے لے کر نیچے تک کرپشن کا راج ہے، سودی معاشی نظام تمام برائیوں کی جڑ ہے جسے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے، اسلامی طرز معیشت کو اپنا کر ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمران ٹیکس لگا کر اپنے شاہانہ اخراجات کے بوجھ عوام کی گردنوں پر ڈال دیتے ہیں، ارکان اسمبلی چوروں، رسہ گیروں اور ڈاکوؤں کے سرپرست بن چکے ہیں، ملک میں عوام کے جان ومال اور عزت و آبرو بھی غیر محفوظ ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ نام نہاد این جی اوز ملک میں ہندووانہ اور مغربی ثقافت کو فروغ دے رہی ہیں، چیف جسٹس آف سپریم کورٹ ایسی تمام این جی اوز جو غیر ملکی فنڈز پر چلتی ہیں اور دشمنوں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیں، نااہل اور کرپٹ افراد کی غیر قانونی تقرریوں میں راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں، عوام آزاد عدلیہ کیساتھ ہیں آئین کی پامالی کے بھیانک نتائج ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 187176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش