QR CodeQR Code

خطے ميں امن اور خوشحالی کے لئے بھارت سے خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہيں، وزيراعظم

14 Aug 2012 10:43

اسلام ٹائمز: کنونشن سینٹر اسلام آباد ميں يوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا بلوچستان کا مسئلہ گذشتہ حکومتوں کی غلط پاليسيوں کا شاخسانہ ہے۔ ملک کی سلامتی کے خلاف کوئی سمجھوتہ نہيں کيا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزيراعظم راجہ پرويز اشرف نے کہا ہے کہ جمہوريت ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے اور ملک کی بقا اسی سے وابستہ ہے۔ کنونشن سینٹر اسلام آباد ميں يوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقريب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ گذشتہ حکومتوں کی غلط پاليسيوں کا شاخسانہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے کو افہام و تفہيم سے حل کرنا چاہتے ہيں۔ وزيراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہيں ان کی محروميوں کا ازالہ کريں گے، انھوں نے کہا کہ بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کے لئے آغاز حقوق بلوچستان پروگرام متعارف کرايا گيا ہے۔ 

وزيراعظم راجہ پرويز اشرف نے کہا کہ کچھی کينال کے لئے فوری طور پر 6 ارب روپے جاری کرنے کے احکامات ديئے ہيں جبکہ ڈيرہ بگٹی سے بے گھر افراد کے لئے ايک ارب روپے مختص کئے گئے ہيں۔ راجہ پرويز اشرف نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ آئندہ انتخابات ميں بلوچستان کی تمام سياسی جماعتيں حصہ ليں۔ وزيراعظم نے کہا ماضی ميں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کيا گيا، انھوں نے کہا جلد ہی جنوبی پنجاب ميں سرائيکی صوبے کا خواب شرمندہ تعبير ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے اپوزيشن کو اعتماد ميں لے رہے ہيں۔ انھوں نے کہا نگران حکومت کے قيام اور اہم قومی معاملات پر اپوزيشن سے مذاکرات کے قائل ہيں۔ 

وزيراعظم کا کہنا تھا کہ نيٹو سپلائی کی بندش سے دہشت گردی کے خلاف جنگ متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔ وزيراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے ميں امن اور خوشحالی کے لئے بھارت سے خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہيں۔ وزيراعظم نے کہا کہ دہشت گردی پر بہت جلد قاپو پا ليں گے، انھوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ميں پاک فوج کی قربانيوں کو خراج تحسين پيش کيا۔

وزيراعظم نے کہا توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے سنجيدہ کوششيں کی جا رہی ہيں، کوئلے سے بجلی کی پيداوار کے لئے کام تيزی سے جاری ہے، انھوں نے کہا کہ ماضی ميں تھرکول کے منصوبے کو نظرانداز کر کے مجرمانہ غفلت کی گئی۔ وزيراعظم نے کہا ڈرون حملوں کو ملکی خودمختاری کے خلاف سمجھتے ہيں، انھوں نے کہا کہ امريکہ پر واضح کر ديا ہے کہ ملک کی سلامتی کے خلاف کوئی سمجھوتہ نہيں کيا جائے گا۔ 


خبر کا کوڈ: 187338

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/187338/خطے-ميں-امن-اور-خوشحالی-کے-لئے-بھارت-سے-خوشگوار-تعلقات-خواہاں-ہيں-وزيراعظم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org