QR CodeQR Code

یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کو اسلامی ریاست بنانے کا عزم کرنے کی ضرورت ہے، نسیم صدیقی

14 Aug 2012 15:56

اسلام ٹائمز:جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نے کہا ہے کہ 66 سال گزر جانے کے باوجود اب بھی اسلامی خوشحالی اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکا ہے، عوام ووٹ کی امانت جماعت اسلامی کے پلڑے میں ڈال کر ملک کا مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی نے وطن عزیز کے 66 ویں یوم آزادی پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مدینہ منورہ کے بعد دنیا کی واحد مملکت ہے جو اللہ کے نام پر بنائی گئی، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کے نتیجے میں اللہ کے انعام کے طور پر یہ ملک حاصل ہوا تھا۔ اللہ نے پاکستان کو ہر طرح کی دولت سے نوازا ہے، اللہ کی رحمتیں یہاں رہنے والے تمام لوگوں پر برستی ہیں لیکن ہم اس مملکت کی قدر نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم 66 سال سے ملک میں اسلامی نظام کیلئے ترس رہے ہیں مگر بدقسمتی سے اب تک قائداعظم اور لیاقت علی خان کے بعد جتنے بھی حکمران آئے انہوں نے کبھی اسلامی نظام کو نافذ کرنے کی کوشش نہیں کی، ان حکمرانوں نے سوائے کرپشن اور لوٹ مار کے اس ملک کو کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ اب عوام کو بھی سوچنا چاہیے کہ کیا 66 سال بعد بھی وہ انہی کرپٹ اور لٹیرے لوگوں کو منتخب کرکے اسمبلیوں میں بھیجیں گے؟ جن کی وجہ سے بیروزگاری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بدامنی، امریکی مداخلت، ڈرون حملے اور نیٹو سپلائی ہمارا مقدر بنے ہوئے ہیں۔ خصوصا کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے، لسانیت، عصبیت اور فرقہ واریت نے ملکی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو بدلنے اور ملک کو خوشحال اور مضبوط کرنے کیلئے جماعت اسلامی ہی واحد امید ہے، ہمیں یقین ہے کہ آئندہ الیکشن میں عوام ووٹ کی امانت کو جماعت اسلامی کے پلڑے میں ڈال کر اس ملک کا مستقبل محفوظ بنائیں گے اور اسلامی نظام کے قیام کی بنیاد ڈالیں گے۔


خبر کا کوڈ: 187470

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/187470/یوم-آزادی-کے-موقع-پر-پاکستان-کو-اسلامی-ریاست-بنانے-کا-عزم-کرنے-کی-ضرورت-ہے-نسیم-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org