0
Wednesday 15 Aug 2012 06:33

نزول قرآن کی شب میں قیام پاکستان ہمارے لئے پیغام ہے، نسیم صدیقی

نزول قرآن کی شب میں قیام پاکستان ہمارے لئے پیغام ہے، نسیم صدیقی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری نسیم صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان کا آخری عشرہ نار جہنم سے نجات اور شب قدر کے حصول کا ہے، نزول قرآن کی شب ہی قیام پاکستان کی رات بھی ہے، اس میں ہمارے لئے ایک پیغام پوشیدہ ہے، وطن عزیز میں قرآن کے نظام کو نافذ کرنے کیلئے بھرپور عملی جدوجہد کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی ارض پاک کو مدینے جیسی فلاحی ریاست بنانے کا عزم رکھتی ہے، قوم اپنے بچوں کا مستقبل اسلام سے وابستہ کرنے اور تابناک بنانے کیلئے آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کو ووٹ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمر گوٹھ بلاک L نارتھ ناظم آباد میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دعوت افطار میں کارکنان جماعت کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ انہوں نے کہا کہ رحمتوں اور برکتوں کا موسم بہار ہم سے رخصت ہو رہا ہے، ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ ہم خود کو تباہی سے بچا پائے ہیں یا نہیں کیونکہ نبی اکرمﷺ نے رمضان میں اپنی مغفرت نہ کروانے والے شخص کے لئے تباہی کی بدعا فرمائی ہے اور اللہ پاک اپنے محبوب کی دعا ہرگز رد نہیں کرتا۔

نسیم صدیقی نے کہا کہ قرآن و حدیث کی تعلیمات کے مطابق لیلۃ القدر ہزار مہینوں سے زیادہ افضل ہے، جس نے شب قدر کو پالیا اس نے انمول خزانہ حاصل کرلیا، ہر فرد اس رات کو پانے اور اپنے رب کو راضی کرنے کی فکر کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیام پاکستان کا اصل مقصد اس خطے کو اسلام کی عملی تجربہ گاہ بنانا تھا مگر افسوس کہ 66 سال گذر جانے کے باوجود بھی قوم اسلامی نظام کیلئے ترس رہی ہے۔ جب تک ہم ملک کو اس کے بنیادی مقصد پر نہیں لاتے تب تک چین سکون اور خوشحالی ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی وطن عزیز کو مدینہ منورہ جیسی فلاحی ریاست بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے، معاشرے کے ہر ذی شعور فرد کو چاہیے کہ وہ اس جدوجہد میں اپنا حصہ ضرور ملائے تاکہ دنیا اور آخرت کی کامیابی ہمارا مقدر بنے۔
خبر کا کوڈ : 187653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش