0
Wednesday 15 Aug 2012 15:44

امریکہ نہ کبھی پاکستان کا دوست تھا اور نہ ہو گا، سید وسیم اختر

امریکہ نہ کبھی پاکستان کا دوست تھا اور نہ ہو گا، سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے امریکی وزیر دفاع’’ لیون پنیٹا‘‘ کے بیان کہ’’جنرل کیانی نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کا منصوبہ بنا لیا‘‘ ہے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت ہوش کے ناخن لے، شمالی وزیرستان میں فوجی کارروائی کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے، ملک وقوم کی حفاظت اولین فریضہ ہونا چاہئے، امریکہ خود تو اچھے اور برے طالبان کی اصطلاح استعمال کر کے ان سے مذاکرات میں مصروف ہے جبکہ ’’ڈومور‘‘ کا مطالبہ ہم سے کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچہ بچہ جانتا ہے کہ نام نہاد دہشت گردی کی جنگ درحقیقت افغانستان میں رہتے ہوئے پاکستان اور چین کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی ایک سازش ہے اور اس میں ہمارے حکمران دشمنوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں، امریکہ نہ کبھی پاکستان کا دوست تھا اور نہ ہو گا، 100 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنے اور پچاس ہزار افراد کی قربانی دینے کے باوجود پاکستان پر ڈبل گیم کا الزام لگایا جاتا ہے، یہ حکومت پاکستان کی خارجہ پالیسی کی واضح ناکامی ہے امریکی سرمایے کا رخ بھارت جبکہ دباؤ پاکستان پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہران بیس، جی ایچ کیو پر حملہ، 2 مئی، سلالہ پوسٹ کے واقعات اور ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی پر سوالیہ نشان ہیں۔ نیٹو سپلائی کی بحالی ملک و قوم کے ساتھ غداری کے مترادف ہے، پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی نیٹو کے فی کنٹینر 235 ڈالر کے عوض عوامی جذبات کی توہین کر رہے ہیں، حکمرانوں میں ضمیر نام کی کوئی چیز نہیں۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزید کہا کہ جب تک امریکہ اس خطے میں موجود ہے امن قائم نہیں ہو سکتا، جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن بری طرح خراب ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف اسلحے کے ڈھیر لگا رہا ہے جبکہ دوسری طرف گھناؤنی سازش کے تحت پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکمران دہشت گردی کی جنگ کو خیرباد کہتے ہوئے ملکی معاملات پر توجہ دیں، بلوچستان، کراچی اور گلگت بلتستان میں آگ اور خون کا کھیل جاری ہے، راء، سی آئی اے اور موساد حالات کو خراب کر رہی ہیں، ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو امریکہ کے سامنے جراتمندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے جذبات کا احترام کرے۔
خبر کا کوڈ : 187778
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش