0
Thursday 16 Aug 2012 18:45

کامرہ ائیر بیس پر حملہ امریکی طالبان کی کارستانی ہے، رحمت وردگ

کامرہ ائیر بیس پر حملہ امریکی طالبان کی کارستانی ہے، رحمت وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کامرہ ایئربیس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ امریکی طالبان نے ہی کیا ہے اور امریکہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گردہے جو اپنے توسیع پسندانہ عزائم کی تکمیل کے لئے دنیا بھر میں مداخلت کرتا ہے اور دہشت گردی کو مسلسل فروغ دے رہا ہے تاکہ مسلم ممالک کو دہشت گرد قرار دیکر ان پر قابض ہو سکے اور مسلم ممالک کو ہمیشہ غیرمستحکم رکھ کر خود واحد سپر پاور بنا رہے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب تک سری لنکا میں امریکی مداخلت جاری رہی اس وقت تک وہاں علیحدگی پسند گروپ مسلح کارروائیاں کرتے رہے اور کبھی امن قائم نہ ہو سکا مگر جیسے ہی امریکہ نے سری لنکا سے اپنی مداخلت ختم کی وہاں پر مکمل امن قائم ہو گیا اور یہ بات ثابت ہو گئی کہ امریکہ ہی دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اصل طالبان تو روس اور امریکہ مخالف ہیں اور وہ کبھی بھی پاکستان پر حملہ یا دہشت گردی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی تمام وارداتیں امریکی طالبان کرتے ہیں جو امریکہ سے بھاری رقوم اور تربیت لینے کے بعد پاکستان میں عدم استحکام اور بدامنی پیدا کرتے ہیں تاکہ پاکستان کی معیشت مستحکم نہ ہو سکے اور دنیا بھر میں پاکستان کو بدنام کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی طالبان صرف اور صرف امریکی مفادات کے تحفظ کے لئے کام کرتے ہیں اور ان کا اسلام یا پاکستان سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں کیونکہ کوئی بھی مسلم مجاہد کبھی بھی اسلام یا پاکستان کو نقصان پہنچانے کے بارے میں نہیں سوچ سکتا۔

انہوں نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر افغانستان سے واپس جائے تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اسامہ بن لادن کی تلاش میں افغانستان آیا تھا اور اب یہاں رہنے کا جواز باقی نہیں رہا اس لئے اسے فوری طور پر واپس جانا چاہئے اور امریکہ کی واپسی کے بعد یقینی طور پر خطے میں مکمل امن قائم ہو جائیگا۔ انہوں نے اسلامی ممالک کے رہنماؤں پر بھی زور دیا کہ امریکہ پر افغانستان سے نکلنے کیلئے دباؤ ڈالیں۔
خبر کا کوڈ : 188082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش