0
Friday 17 Aug 2012 03:25

یوم القدس دراصل استعماری طاقتوں اور ظالم کے خلاف صدائے حق بلند کرنے کا دن ہے، اطہر عمران

یوم القدس دراصل استعماری طاقتوں اور ظالم کے خلاف صدائے حق بلند کرنے کا دن ہے، اطہر عمران
اسلام ٹائمز۔ ہر سال کی طرح رواں سال بھی پاکستان میں آئی ایس او بھرپور انداز میں یوم القدس مناکر قدس کی آزادی کی تحریک کو جلا بخشے گی، اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کے تحت ملک بھر میں ریلیاں، احتجاجی مظاہرے اور کانفرنسز کی تیاری مکمل کی جاچکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر اطہر عمران نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی ایس او کراچی کے صدر منہال رضوی اور نائب صدر الیاس حسین بھی موجود تھے۔ اطہر عمران نے کہا کہ آئی ایس او کے تحت ملک کے بڑے شہروں جن میں اسلام آباد، لاہور، سکھر، راولپنڈی، گلگت بلتستان، پشاور میں آزادی قدس ریلیاں نکالی جائیں گی، جبکہ مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی سے نکالی جائے گی ریلی کا اختتام تبت سینٹر پر ہوگا جہاں کانفرنس منعقد ہوگی اور مرکزی خطابات کئے جائیں گے، ریلی میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، طلبہ تنظیموں کے نمائندگان اور سماجی و سیاسی شخصیات بھی شریک ہوکر بیت المقدس کی آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یوم القدس یوم اللہ، یوم رسول اللہ اور یوم اسلام جو اس دن کو نہیں مناتا وہ استعمار یعنی امریکا و اسرائیل کا ایجنٹ ہے، یہ بات امام خمینی (رہ) نے آج سے تیس سال پہلے ارشاد فرمائی اور آج جاکر عالم اسلام نے اس بات کو تسلیم کیا کہ بیت المقدس کا مسئلہ فقط فلسطین کا یا کسی ایک مکتب کا مسئلہ نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے اور بیت المقدس کی آزادی کا واحد حل صرف صرف اتحاد میں پوشیدہ ہے، لہذا پاکستان میں رواں سال ملی یکجہتی کونسل کے تحت یوم القدس اور یوم استحکام پاکستان منانے کے فیصلے کو ہم خوش آئند قرار دیتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ عالم اسلام کے ہر مسئلہ پر اسی اتحاد و حدت کے مظاہرے کے ساتھ ایک آواز ہوکر بلند ہونگے اور اسی اتحاد کی برکت سے پاکستان کی سرزمین سے بھی استعماری و استکباری قوتوں بالخصوص امریکا و اسرائیل کا خاتمہ کرکے اپنے پاک وطن کو ظالموں کے ناپاک وجود سے پاک کردیں گے۔

اطہر عمران نے کہا کہ یوم القدس دراصل استعماری طاقتوں اور ظالم کے خلاف صدائے حق بلند کرنے کا دن ہے، لہذا اس سال آئی ایس او پاکستان کے تحت یوم القدس کے ساتھ حمایت مظلومین جہاں کے عنوان سے بھی منایا جائے گا، لہذا اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان برما، بھارت اور بحرین میں مسلمانوں کے قتل عام پر ان ظالم حکومتوں کے خلاف بھی آواز کو بلند کرتے ہوئے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دنیا بھر میں ظلم کا شکار انسانیت کی حمایت کا اعلان کرتی ہے، ساتھ ہی شام میں جاری نام نہاد امریکی و مغربی عوامی بیداری کو استعماری بیداری قرار دیتے ہیں، کیونکہ شام عرب ممالک میں وہ واحد ملک ہے جو خطے میں اسرائیل مخالف تنظیموں مثلاً حماس و حزب اللہ کی امداد کرتا ہے، ہم بشارالاسد کے حق میں نہیں مگر اس کی اسرائیل دشمنی اور فلسطین ہمدردی کی حمایت کرتے ہیں، او آئی سی کی جانب سے شام کی رکنیت معطل کرنے کی کوشش اسرائیل کو رُکنیت دینے کے مترادف ہے۔

آئی ایس او کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی دو بڑی دہشت گردی، کامرہ ایئر بیس اور راولپنڈی سے گلگت استور جانے والی بس پر دہشت گردوں کے حملے کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ان واقعات میں اصل کردار بلاکسی شک امریکا و اسرائیل کو قرار دیتے ہیں، یہ واقعات ہمیں اپنے ہدف سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے، ان تمام واقعات کے باوجود گلگت سمیت ملک بھر میں فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت میں ریلیاں نکالی جائیں گی، تاہم گلگت اور کامرہ ائیر بیس پر دہشت گردی میں شہید ہونے والے شہداء سے اظہار ہمدردی کے لئے آئی ایس او پاکستان دس روزہ سوگ کا اعلان کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کی پالیسی ہماری سمجھ سے بالاتر ہے کہ گلگت میں گذشتہ مہینوں سے جاری دہشت گردی کے باوجود حکومت دہشت گردوں سے مذکرات کی بات کر رہی ہے، جبکہ ہونا یہ چاہیئے کہ فوراً چلاس کے علاقے میں آپریشن کرکے گلگت جانے والے راستے کو محفوظ بنایا جائے، ہم چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق کیانی سے سوال کرتے ہیں کہ جیسے وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم نے دہشت گردی پر قابو پالیا ہے، تو آج ملک میں ہونے والی دو بڑی دہشت گردی ان کے لئے کھلا چیلنج ہے اور یہ واضع کرتی ہے کہ ملک کی قانون نافذ کرنے والی ادارے امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں، ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ شیعہ مسلمانوں کی خاموشی کو بزدلی نہ سمجھے، بلکہ ہماری خاموشی صرف ملک خداداد پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لئے ہے کیونکہ اس ملک کو ہم نے بنایا تھا اور ہم ہی بچائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 188133
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش