QR CodeQR Code

چوک اعظم ضلع لیہ میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیر اہتمام یوم القدس ریلی

17 Aug 2012 16:45

اسلام ٹائمز: ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران مجلس وحدت مسلمین چوک اعظم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی عباس نے کہا کہ آج قدس میں آگ و خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، اس پر پوری دنیا خاموش ہے، نہ کوئی آواز اٹھانے والا ہے اور نہ کوئی ان کی مدد کرنے کو کوئی تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن چوک اعظم ضلع لیہ کے زیر اہتمام بعد از نماز جمعہ حسینہ مسجد و امام بارگاہ سے یادگار چوک اعظم تک یوم القدس کی ریلی نکالی گئی۔ جس میں چوک اعظم کے گرد و نواح اور شہر سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کے دوران مجلس وحدت مسلمین چوک اعظم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی عباس نے کہا کہ ہم اپنا دینی فریضہ سمجھتے ہوئے میدان عمل میں آئے ہیں، آج قدس میں آگ و خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے، آئے روز نوجوانوں کو قتل کیا جارہا ہے، عورتوں کی عصمت دری ہوتی ہے، اس پر آج پوری دنیا خاموش ہے نہ کوئی آواز اٹھانے والا ہے اور نہ کوئی ان کی مدد کرنے کو کوئی تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اسرائیل جب چاہتا ہے من مانی کرتے ہوئے ان بے گناہوں پر حملہ کردیتا ہے، مسجد میں بے گناہ نمازیوں کو قتل کر دیا جاتا ہے، اس پر امریکہ اور امریکہ نواز حکومتیں سب خاموش ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہماری جب تک جان میں جان ہے ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء مزمل عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا وہ قومیں خوش نصیب ہوتی ہیں جو مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرتی ہیں، ہم کشمیر کی آزادی تک، ملک سے کرپش کے خاتمے تک، ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے کرداروں کو کیفر کردار تک پہچانے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مائوں نے ہمیں کربلا کا درس اپنی گود میں دیا ہے، ہم نعشیں اٹھانے سے نہیں گھبراتے، نہ ہی ہم قتل ہونے سے ڈرتے ہیں، چاہے ہمیں جلا دیا جائے یا ہمیں زندانوں میں ڈال دیا جائے ہم اس پر مطمئن ہیں کہ ہم امام حسین علیہ السلام کی سیرت پر کاربند ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آج ہم استعمار کے مقابلہ میں کھڑے ہیں، ہمارا دشمن امریکہ و اسرائیل ہے، ہم ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ یہ ساری سازش امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کی ہے، وہ مسلمانوں کے اندر تفرقہ کی فضاء پیدا کرنا چاہتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ امریکہ مسلمانوں کے اتحاد سے گھبراتا ہے، ہمیں چاہیے کہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم کریں اور قرآن کی آیت (اور اللہ کی رسی کو تھام لو اور تفرقہ میں نہ پڑو ) پر ایمان لائیں، انہوں نے کہا کہ امام خمینی رہ فرماتے ہیں کہ اگر تمام مسلمان اسرائیل پر ایک ایک پانی کی بالٹی ڈالیں تو وہ صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومت اور عدلیہ کو وارننگ دیتے ہیں کہ وہ بابوسر میں پیش آنے والے واقعہ کا فوری نوٹس لے ورنہ ملکی حالات ان کے اختیارات میں نہیں رہیں گے۔ 

مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کے رہنماء علامہ نئیر عباس حیدری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہمارا جانی اور ایمانی دشمن ہے، اس سے ہمیں ہوشیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے مسلمانوں کی بیداری پر روشنی ڈالتے ہوئے ہوئے کہا کہ اگر آج پوری دنیا میں مسلم بیدار ہو رہا ہے۔ اس بیداری کی وجہ سے اس پر انتہاء حد تک ظلم وستم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوک اعظم اور وطن پاکستان کے مسلمانوں کو بھی بیدار ہونے کی ضرورت ہے جب تک ہم بیدار نہیں ہوں گے ہمارے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سیرت امام حسین علیہ السلام اور سیرت امام خمینی رہ پر کاربند ہوکر اپنے وطن عزیز پاکستان کو مشکلات سے نکالنا ہوگا۔ آخر میں مولانا غلام شبیر حسین نے سانحہ بابوسر کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا کرائی، جس کے بعد امام زمانہ عج سے ریلی کا اختتام ہوا۔


خبر کا کوڈ: 188257

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/188257/چوک-اعظم-ضلع-لیہ-میں-ایم-ڈبلیو-اور-ا-ئی-ایس-او-کے-زیر-اہتمام-یوم-القدس-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org