0
Saturday 18 Aug 2012 03:16

علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ملک گیر یوم القدس منایا گیا

علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ملک گیر یوم القدس منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کی کال پر چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جمعتہ الوداع یوم القدس اور سانحہ چلاس کے خلاف یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا۔ اس موقع پرشیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور ملی تنظیموں اور انجمنوں کی جانب سے نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعداحتجاجی اجتماعات اور القدس ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں ہزاروں کی تعداد میں افراد نے شرکت کی اور قبلہ اول بیت المقدس پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت، مظلوم فلسطینی و لبنانی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی، قبلہ اول سے والہانہ وابستگی، سانحہ چلاس کی بھرپور مذمت، میانمار (برما) میں ہزاروں مسلمانوں کا بدھ مذہبی جنونیوں کی جانب سے قتلِ عام، پاکستان میں مسلمہ دہشت گردوں اور قاتلوں کی رہائی پر گہری تشویش اور کراچی میں موجودہ بدامنی اور قتل و غارت گری سمیت کوئٹہ اور ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی-

آبپارہ اسلام آباد میں بھی  علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر ملک بھر کی طرح شیعہ علماء کونسل پاکستان کی مرکزی القدس کمیٹی راولپنڈی/ اسلام آباد کے زیر اہتمام میلوڈی سے آپبارہ چوک تک ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے راہنماؤں نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے بینرز، پلے کارڈز اور علامہ ساجد نقوی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور اسرائیل کے خلاف اور فلسطینی و لبنانی عوام اور قبلہ اول کے حق میں جبکہ شاہراہ قراقرم پرگلگت بلتستان کی مسافروں کی پے در پے قتل عام کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے۔

آبپارہ چوک پہنچ کر القدس ریلی احتجاجی جلسہ عام میں تبدیل ہو گئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، بزرگ عالم دین اور جامعہ اہلبیت کے مہتم علامہ شیخ محمد شفاء نجفی، جماعت اسلامی کے رہنماء میاں محمد اسلم اور مرکزی القدس کمیٹی کے آرگنائزرز علامہ اشفاق حسین وحیدی اور علامہ فرحت عباس ہمدانی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول عالم اسلام کی مشترکہ میراث ہے جو نصف صدی سے صہیونی طاقتوں کے زیر تسلط ہے اور بیت المقدس پر غاصبانہ قبضے کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیل کے وحشیانہ مظالم انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں تاہم اُنہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنان کی قیادت اور لبنانی عوام نے جس انداز سے غاصب اسرائیل کا مقابلہ کیا اس سے پوری امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔

مقررین نے اسرائیل اور اُسکے پشت پناہ امریکہ کو متنبہ کیا کہ وہ اسلامی مقدسات کی توہین، فلسطین سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کی نسل کُشی اور مسلم ممالک پر جارحیت کی روش فوری ترک کرے۔ بصورت دیگر عالم اسلام متحد ہو کر اس روش کا جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ مقررین نے گذشتہ روز لولوسر ( ٹھنڈا پانی ناران) کے مقام پر گلگت بلتستان کی مسافروں کو بسوں سے اُتار کر شاخت کے بعدشہید کرنے کے دہشت گردانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل سانحاتِ کوہستان اور چلاس کے ملزمان کو اگر قرار واقعی سزاء دی جاتی تو آج ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہوتا۔

مقررین نے  علامہ سید ساجد علی نقوی کے ہدایت پر واقعہ کے خلاف تین روز سوگ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے دہشت گردی کے ایسے واقعات کا فی الفور تدارک ممکن نہ بنایا تو دہشت گردی کا شکار بننے والی مظلوم اور نہتی عوام اپنا دفاع خود کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔ مقررین نے کامرہ ائیر بیس پر بھی دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو بھی حکومت کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیا۔ جلسے کے اختتام پر مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کا پرچم اور اسرائیلی و امریکی صدور کے پتلے بھی نذر آتش کیے۔
خبر کا کوڈ : 188377
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش