0
Thursday 23 Aug 2012 20:09

گلگت کا زمینی اور ہوائی راستہ بند ہونے سے چھٹیوں پر آئے ہوئے ہزاروں مسافر پھنس گئے

گلگت کا زمینی اور ہوائی راستہ بند ہونے سے چھٹیوں پر آئے ہوئے ہزاروں مسافر پھنس گئے
اسلام ٹائمز۔ شاہراہ قراقرم ٹریفک کے لئے بند ہونے اور ہوائی جہاز نہ چلنے کی وجہ سے ہزاروں مسافر گلگت اور اردگرد کے علاقوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں جبکہ عید کی چھٹیوں پر گھر آئے ہوئے سینکڑوں طلبہ و طالبات بھی پریشانی کا شکار ہیں اور ان کی پڑھائی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ سی 130 جہاز چلانے کی نوید نے امید کی کرن پیدا کی تھی مگر اعلان پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے پھنسے ہوئے تمام افراد میں مایوسی پھیل گئی ہے۔ عیدالفطر کی چھٹیوں پر گھر آنے والے افراد نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی خوشیاں منانے کے لئے اپنے اپنے گھروں میں آئے تھے مگر ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے یہاں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بائی روڈ سفر کرنا موت کو دعوت دینے کے برابر ہے جبکہ ہوائی جہاز آ ہی نہیں رہے ہیں اور پی آئی اے میں ٹکٹ کنفرم کرانا کے ٹو پہاڑ سر کرنے کے برابر ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت یہاں گلگت میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لئے سی 130 طیارے چلائے۔ طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی چھٹیاں ختم ہو چکی ہیں اور بعض اداروں میں امتحانات بھی شروع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی فلائٹس ہفتے میں ایک بار ہی آتی ہے اور ٹکٹس بھی کنفرم کرانا ناممکن ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے وزیراعلٰی سید مہدی شاہ سے اپیل کی کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر سی 130 طیارے چلانے کیلئے اقدامات اٹھائیں، تاکہ گلگت اور اردگرد کے علاقوں میں پھنسے ہوئے افراد خصوصاً طلبہ و طالبات واپس جا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 189538
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش