QR CodeQR Code

پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، محمد حسین محنتی

24 Aug 2012 14:46

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک سیلاب آئے گا جس سے غریب آدمی کی کمر مزید دہری ہوجائے گی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے حکومت کی جانب سے عوام کو عید گفٹ کے طور پر پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن قدم قرار دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات اور سی این جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو نہ صرف واپس لیا جائے بلکہ خاطرخواہ کمی کی جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور اتحادیوں نے اقتدار کے اول روز سے ہی عوام کے مسائل اور مشکلات میں بے پناہ اضافہ کیا ہے، ملک میں شدید غربت اور بے روزگاری کے باوجود بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز بے جا اضافہ اس حکومت کا شعار رہا ہے، حکمراں اپنی کرپشن اور لوٹ مار کا سارا بوجھ مہنگائی کے ذریعے عوام پر منتقل کر رہے ہیں، اگر مقتدر طبقہ اپنی عیاشیوں کو کنٹرول کرے تو عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عجب صورتحال ہے کہ جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں فی بیرل چند ڈالرز کا اضافہ ہوتا ہے تو ہمارے ہاں فی لیٹر کے حساب سے کئی روپے کا اضافہ کردیا جاتا ہے مگر جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں خاطر خواہ حد تک کمی واقع ہوتی ہے تو ہمارے حکمران قیمتیں کم کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ وہ اتحادی جماعتیں جو عوامی جماعت ہونے کا دم بھرتے نہیں تھکتیں اور عوامی مسائل پر میڈیا پر بیٹھ کر بلند و بانگ دعوے کرتی ہیں، مہنگائی کے اس طوفان پر ان کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ ان کا رویہ اس بات کی دلالت کرتا ہے کہ وہ بھی عوام پر ظلم میں برابر کی شریک ہیں۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک سیلاب آئے گا جس سے غریب آدمی کی کمر مزید دہری ہوجائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اوگرا کو لگام دی جائے اور پیٹرولیم مصنوعات و سی این جی قیمتوں میں اضافے کو نہ صرف واپس لیا جائے بلکہ قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔


خبر کا کوڈ: 189656

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/189656/پیٹرولیم-مصنوعات-اور-سی-این-جی-کی-قیمتوں-میں-اضافہ-واپس-لیا-جائے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org