0
Friday 24 Aug 2012 15:40

پاکستانی حکومت پاک فوج کو ڈرون گرانے کا حکم دے، رحمت خان وردگ

پاکستانی حکومت پاک فوج کو ڈرون گرانے کا حکم دے، رحمت خان وردگ
اسلام ٹائمز۔ تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ دفتر خارجہ کی جانب سے امریکی حکام سے ڈرون حملوں پر سخت احتجاج درست اقدام ہے اور اب ویسے بھی پانی پلوں سے گزر چکا ہے اور اب بھی امریکہ اگر ڈرون حملے بند نہیں کرتا تو حکومت کو چاہئے کہ مسلح افواج کو ڈرون گرانے کا حکم دے تاکہ مسلسل بے گناہ افراد کی شہادتوں کا سلسلہ رک سکے اور پاکستان کی سرحدوں کی مسلسل خلاف ورزی کا خاتمہ ہو۔ یہ بات انہوں نے ضلعی چیئرمین ملتان عبدالرؤف قریشی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

تحریک استقلال کے مرکزی صدر نے کہا کہ ہمارے اس خطے میں 1979ء سے قبل دہشت گردی بالکل نہیں تھی اور جب سے امریکہ نے اس خطے میں مداخلت شروع کی ہے تب سے دہشت گردی شروع ہوئی ہے اور 9/11 کے بعد امریکہ کے افغانستان پر حملے کے بعد دہشت گردی میں زبردست اضافہ ہوا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکہ ہی دہشت گرد ہے اور دنیا کا امن تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں بھی امریکی مداخلت کے خاتمے کے بعد امن قائم ہو گیا اور اب امریکہ کو چاہئے کہ افغانستان سے فوری طور پر نکل جائے تو یقینی طور پر امن قائم ہو جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو یہ بات بھی اچھی طرح سمجھ لینی چاہئے کہ طالبان کی 6 ماہ کی تبلیغ سے اس قدر لوگ امریکہ کے خلاف نہیں ہوتے جس قدر ایک ڈرون حملے کے بعد ہوتے ہیں اور پاکستان میں امریکہ اور اسکی عوام کیخلاف دن بدن نفرت کے جذبات میں شدت آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس کی جانب سے شام میں بحری بیڑہ بھیجنے کا اقدام قابل تحسین ہے اور چین کو بھی چاہئے کہ شام میں اپنی افواج بھیجے اور ساتھ ہی ساتھ تمام اسلامی ممالک بشمول سعودی عرب اپنی مسلح افواج کو شام میں امن کے قیام کے لئے بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ دنیا کا تھانیدار بنا ہوا ہے اور مسلمانوں کے خلاف مذہبی منافرت کی بنیاد پر پالیسیاں تشکیل دیکر بزور طاقت عملدرآمد کرانے کی کوشش کرتا ہے اس لئے تمام اسلامی ممالک کو چین اور روس کے ساتھ مل کر ایک بلاک قائم کرنا چاہئے جو امریکی دہشت گردی کی روک تھام کرے اور یہی طریقہ دنیا میں امن کے قیام کے لئے موثر ثابت ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 189670
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش