0
Saturday 25 Aug 2012 20:40

سول سوسائٹی کے دانشور ہمیں پاکستان میں زندہ رہنے کا فارمولا بتائیں، علامہ ساجد نقوی

سول سوسائٹی کے دانشور ہمیں پاکستان میں زندہ رہنے کا فارمولا بتائیں، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے ڈنگہ میں سید نجم الحسن شاہ اور سید کفایت شاہ کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات انتہائی تشویشناک ہیں، لوگوں کو بسوں سے اتار کر شناخت کرکے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ایسے ہونے والے تمام واقعات ایک جیسے ہیں اور حکومت لوگوں کو اصل حقائق سے آگاہ نہیں کر رہی، بنی بنائی اور مصنوعی باتوں سے لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کے جان ومال اور عزت و آبرو کی حفاظت کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جو ان واقعات میں ملوث ہیں، وہ ریاست کو مجرم بنانا چاہتے ہیں، کیا یہ لوگ اس وقت جاگیں گے جب لوگ بغاوت پر اتر آئیں گے اور ریاست پر لعنت بھیجیں گے، حکومت ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھا رہی۔ انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار حکومتی ادارے ناکام ہوچکے ہیں۔ اسمبلیاں، حکومتیں سب ڈرامہ ہیں، آئین ناکام ہوچکا ہے، رول آف لاء نظر نہیں آ رہا عدالتوں کا مجھے پتہ نہیں کہ وہ کیا کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سول سوسائٹی سے کہتا ہوں کہ اس کے دانشور آگے آئیں اور ہمیں پاکستان میں زندہ رہنے کا فارمولہ بتائیں، ٹارگٹ کلنگ کرنے والے اور کروانے والوں کے بارے تحقیق کریں، ورنہ صورتحال بگڑ جائے گی۔ معاملات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے اور ملک تباہی کی طرف چلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال ناقابل برداشت ہوچکی ہے، عام آدمی عدم تحفظ کا شکار ہے، داخلی سلامتی تباہ ہوچکی ہے، یہ سب کچھ پاکستان کے اندر سے ہو رہا ہے، شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں، یہ ہماری مجموعی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہمارا پرامن احتجاج جاری ہے، اس کے خلاف بھرپور احتجاج کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کی بحالی ہماری ترجیح ہے، اگر ایم ایم اے بحال نہ ہوئی تو نئی صف بندی اور اتحاد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سیل تشکیل دے دیا ہے، نئے حالات دیکھ کر فیصلہ جات کیے جائیں گے اور راہ متعین کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج تک ملک میں آزادانہ انتخابات نہیں ہوئے، ہر دفعہ انتخابات کو ہائی جیک کیا گیا، موجودہ الیکشن کمشنر قابل قبول شخصیت ہیں، نگران سیٹ اپ کے لیے اگر قاضی حسین احمد کا نام سامنے آیا تو اس کی بھرپور حمایت کی جائے گی۔ اس موقع پر مولانا غلام عباس سمیت کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 189970
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش