0
Sunday 26 Aug 2012 01:36

اگر ایران ڈرون کو اتار سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ سید وسیم اختر

اگر ایران ڈرون کو اتار سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ سید وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ رینٹل پاور پراجیکٹ کیس میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے منجمد کے گئے اکائونٹس کی نیب کی جانب سے بحالی قابل مذمت ہے، رینٹل پاور اسکینڈل پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کرپشن کیس ہے۔ جس کی عدالتی سماعت ابھی چل رہی ہے، پیپلز پارٹی کا منشور لوٹ مار کرنا اور کرپٹ عناصر کا تحفظ ہے، اقتدار کی بندر بانٹ نے عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ تک چھین لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود و تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ڈرون حملوں پر امریکی سفارتکاروں کی دفتر خارجہ طلبی محض دکھاوے کے سوا کچھ نہیں، ڈرون حملوں میں نہتے پاکستانیوں کی ہلاکت کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، اگر ایران ڈرون طیاروں کی ٹیکنالوجی کو کنٹرول کرتے ہوئے ڈرون کو اتار سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حکمرانوں کی غلامانہ پالیسیوں کے نتیجے میں امریکہ کی طفلی ریاست بن چکا ہے، سیاسی و عسکری حکمران وزیرستان میں کسی بھی قسم کا آپریشن نہ کرنے کی یقین دہانی عوام کو کروائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، نگران سیٹ اپ ایسا ہونا چاہئے جو سب کیلئے قابل قبول ہو، وسیم اختر نے کہا کہ بروقت انتخابات ہی ملکی مسائل کا واحد حل ہیں، عوام ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرائیں اور ایسی قیادت کو موقع دیں جو بے داغ کردار کی حامل ہو، انہوں نے پری پیڈ سموں کی مرحلہ وار بندش پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے حکومت کی واضح ناکامی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ انہی حرکات و سکنات کی وجہ سے عوام میں اپنا مقام کھوچکے ہیں، سموں کی بندش سے کروڑ افراد متاثر ہوں گے اور اربوں ڈالر کا معاشی نقصان ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور ناکامیوں کا ازالہ عوام بھگت رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 189993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش