QR CodeQR Code

غیر وابستہ ممالک کا سربراہی اجلاس تہران میں ہوگا، 100 سے زائد ملکوں کے نمائندے شرکت کرینگے

26 Aug 2012 10:17

اسلام ٹائمز: اس اجلاس میں دنیا بھر سے تیس سربراہان مملکت سمیت سو ملکوں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں شام کی صورت حال سمیت دنیا بھر کے اہم معاملات پر گفت وشنید ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ غیر وابستہ ممالک کا سربراہ اجلاس آج تہران میں شروع ہوگا، پاکستان کی نمائندگی صدر آصف زرداری کریں گے۔ دو روزہ اجلاس کے موقع پر صدر آصف علی زرداری، افغان ہم منصب حامد کرزئی اور بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں افغانستان میں امن اور انسداد دہشتگردی جیسے معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ اس موقع پر ایران پر امریکی پابندیوں سے پیدا شدہ صورتحال اور خطے کے ملکوں کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ پر بھی بات ہوگی۔ صدر آصف زرداری ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای اور صدر محمود احمدی نژاد سے بھی ملاقات کریں گے۔
 
اس اجلاس میں دنیا بھر سے تیس سربراہان مملکت سمیت سو ملکوں کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی مخالفت کے باوجود اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اجلاس میں شام کی صورت حال سمیت دنیا بھر کے اہم معاملات پر گفت وشنید ہوگی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اس اجلاس سے امریکہ کی یہ بات غلط ثابت ہو جائے گی کہ ایران دنیا میں تنہا ہوچکا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق تہران میں ناوابستہ تحریک کے سولھویں سربراہی اجلاس کے سیکرٹری نے کہا ہے کہ ایران نے اس اجلاس کیلئے کئی تجویزیں تیار کی ہیں، جن میں سب سے اہم یہ ہے کہ ناوابستہ تحریک کے ممالک کسی بھی رکن ملک پر پابندیوں کی مخالفت کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد مھدی آخوند زادہ نے کہا کہ ایران نے یہ بھی تجویز تیار کی ہے کہ ناوابستہ تحریک کے ممالک کسی بھی رکن ملک کی جو دباو اور دھمکیوں کی زد میں ہو، حمایت کریں۔ دراین اثنا اس اجلاس کے ترجمان نے کہا کہ تہران اجلاس میں ستائيس صدور، دو بادشاہ، سات وزراء اعظم، نو نائب صدور، دو اسپیکر اور پانچ خصوصی نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔
 
فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق رامین مہمان پرست نے کہا کہ تئيس وزاء خارجہ اور وزراء کی سطح پر کئی وفود تہران اجلاس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے بحران کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی تجویز پر بھی اس اجلاس میں غور کیا جائے گا۔ ادھر عراقی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ عراق بھی تہران اجلاس میں شرکت کرے گا۔ علی الدباغ نے کہا کہ نائب صدر کی سربراہی میں عراقی وفد تہران اجلاس میں شرکت کرے گا۔


خبر کا کوڈ: 190070

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/190070/غیر-وابستہ-ممالک-کا-سربراہی-اجلاس-تہران-میں-ہوگا-100-سے-زائد-ملکوں-کے-نمائندے-شرکت-کرینگے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org