QR CodeQR Code

ملک میں آئین اور قانون نام کی کوئی چیز نہیں

عزاداری سیدالشہداء (ع) ہمارا بنیادی حق ہے، کسی صورت دستبردار نہیں ہونگے، علامہ ساجد نقوی

27 Aug 2012 10:24

اسلام ٹائمز: ملتان میں منعقدہ ’’استحکام پاکستان کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کے سربراہ نے کہا کہ میں مسلسل آواز بلند کر رہا ہوں لیکن آج تک کسی ایک دہشتگرد کو بھی تختہ دار پر نہیں لٹکایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینیئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ اہل تشیع کو بسوں سے اُتار کر شناختی کارڈ دیکھ کر شہید کیا جا رہا ہے، جو کہ شیعیان حیدر کرار (ع) کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش ہے، ایسے واقعات کے بعد کمیشن تو بنا دیئے جاتے ہیں، لیکن ان کی رپورٹ کبھی منظر عام پر نہیں آتی، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام منعقدہ ’’قائدین ملت جعفریہ سیمینار‘‘ اور ’’استحکام پاکستان کنونشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ اس وقت ملک کے حالات انتہائی خطرناک ہیں، حکومت اور حکومتی ادارے بےبس نظر آتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان میں تشیع کا سر فخر سے بلند کیا ہے، عزاداری سیدالشہداء (ع) ہمارا بنیادی حق ہے، ہم اس سے کسی صورت بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب حکومت نے حضرت شہباز قلندر کے دربار میں ماتمداری پر پابندی عائد کی تھی تو اُس وقت میں خود وہاں گیا تھا اور یہ باور کرایا تھا کہ یہ حق ہم سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ 

علامہ ساجد نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی بدقسمتی رہی ہے کہ اس میں ایک قوم کے خلاف ستم کیا جاتا رہا، جب کہ اس پر حکومت خاموش تماشائی بنی رہی۔ اُنہوں نے کہا کہ تشیع اس ملک کی ایک زندہ حقیقت ہیں، لیکن بدقسمتی یہ ہے کہ یہاں پر ایک مخصوص انداز میں حکومت چلائی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں، یہاں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔


خبر کا کوڈ: 190258

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/190258/عزاداری-سیدالشہداء-ع-ہمارا-بنیادی-حق-ہے-کسی-صورت-دستبردار-نہیں-ہونگے-علامہ-ساجد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org