0
Monday 27 Aug 2012 15:24

مسلمانوں کو کمزور کرنے کے لیے آپس میں لڑایا جا رہا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

مسلمانوں کو کمزور کرنے کے لیے آپس میں لڑایا جا رہا ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ ڈرون حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، حکومت ڈرون حملوں پر امریکہ کے سامنے دوٹوک مؤقف اپنائے اور امریکہ پر یہ بات واضح کر دی جائے کہ اگر آئندہ پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستان کی بہادر افواج اس کا بھرپور جواب دیں گی، حکومت غربت کی بجائے غریبوں کو ختم کر رہی ہے، عام آدمی کے لیے جینا دوبھر ہو چکا ہے، برما میں 20 ہزار سے زائد نہتے مسلمانوں کے قتل عام پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، تھرکول منصوبے کی جلد تکمیل سے ہمارے دکھوں کا مداوا ہو سکتا ہے۔

مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ مخصوص ایجنڈے کے تحت دنیا بھر میں مسلمانوں کی نسل کشی جاری ہے اور مسلمانوں کو کمزور کرنے کے لیے آپس میں لڑایا جا رہا ہے، وقت کا تقاضا ہے کہ اُمّتِ مسلمہ متحد ہو کر اپنی عظمت رفتہ بحال کرے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر متحدہ مسلم بلاک کی تشکیل انتہائی ضروری ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پاکستان کے دفاعی ادارے عالمی سازشوں کی زد میں ہیں، دفاعی اداروں کی کردار کشی کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت سمیت ملک بھر میں قیام امن کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں پاکستانیوں کو آپس میں لڑا کر پاکستان کو ناکام ریاست بنانے پر تلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر مسلط ظالمانہ اور استحصالی نظام کا خاتمہ کر کے ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا علمبردار دین ہے اور اسلام میں ایک بے گناہ کے قتل کو ساری انسانیت کے قتل کے مترادف قرار دیا گیا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ تمام ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں تاکہ ملک و قوم اداروں کے ٹکراؤ سے محفوظ رہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کو امریکی کالونی اور بھارتی منڈی بنا دیا ہے، وقت آ گیا ہے کہ قوم امریکی غلاموں سے نجات حاصل کر کے نبی کے غلاموں کو اسمبلیوں میں بھیجے تاکہ پاکستان میں انقلابِ نظامِ مصطفی کا خواب پورا ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 190451
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش