0
Monday 27 Aug 2012 15:55

نیٹو سپلائی بحالی کا انعام ڈرون حملوں کی صورت میں ملا ہے، مولانا حیدری

نیٹو سپلائی بحالی کا انعام ڈرون حملوں کی صورت میں ملا ہے، مولانا حیدری
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سابق اپوزیشن لیڈر سنیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے یہ مطالبہ ہے کہ فیصلے ملک و قوم کے مفاد میں کیئے جائیں لیکن سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کو ملک قوم کے بجائے بیرونی مفادات عزیز ہیں حکمرانوں کی آنکھیں بند کر کے فیصلے کرنے کی روش نے ملک نازک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے، ڈرون حملوں میں مسلسل اضافے نیٹو افواج بے گناہ لوگوں کو مار کر عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔

مرکزی میڈیا سیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پا کستان کے احتجاج کا امریکہ نے جواب ڈرون حملوں کی صورت میں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران اور ادارے سوچیں کہ نیٹو سپلائی بحال کرنے کی صورت میں انھیں ڈرون حملوں کا تحفہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ تعلقات کا نتیجہ بھیانک سامنے آ رہا ہے، پارلیمنٹ کے فیصلوں سے الگ کوئی بھی طریقہ ملک و قوم کے لیے خطرناک ہو گا۔

مولانا حیدری نے کہا کہ ملک نازک موڑ پر کھڑا ہے، بھارت نے تمام دریاؤں کا پانی بند کر دیا ہے اور دوسری طرف تجارت کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تعلقات کے لیے بھارت کو دوغلی پا لیسی چھوڑنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے تعلقات کی قوم مخالف نہیں لیکن تعلقات کے لیے دونوں اطراف کا جذبہ درکار ہے، اب تک صرف پاکستان نے ہی جذبہ دکھایا ہے جبکہ بھارت صرف تجارت کی بات کرتا ہے۔ اس موقع مولانا محمد امجد خان، مولانا مفتی ابرار احمد، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن، عبدالجلیل جان، محمد اسلم غوری، مولانا خلیل الرحمن درخواستی، محمد اقبال اعوان، قاری ثناء اللہ اور دیگر موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 190459
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش