0
Monday 27 Aug 2012 17:02

امریکہ نام نہاد دہشت گردی کی آڑ میں پاکستان کا محاصرہ کر رہا ہے، حافظ عاکف سعید

امریکہ نام نہاد دہشت گردی کی آڑ میں پاکستان کا محاصرہ کر رہا ہے، حافظ عاکف سعید
اسلام ٹائمز۔ تنظیم اسلامی پاکستان کی مرکزی شوریٰ کا دو روزہ اجتماع امیر تنظیم اسلامی حافظ عاکف سعید کے زیر صدارت ہوا جس میں ملک کی داخلی اور خارجی صورتِ حال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ارکانِ شوریٰ نے داخلی سطح پر دگرگوں حالات اور خارجی سطح پر ملکی سلامتی کو درپیش انتہائی خطرناک صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ عاکف سعید نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، پنجاب میں ڈاکہ زنی اور لاقانونیت، خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی وارداتوں نے ملک کو بارود کا ڈھیر بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دو بھر کیا ہوا ہے، خارجی سطح پر امریکہ نام نہاد دہشت گردی کی آڑ میں پاکستان کا محاصرہ کر رہا ہے، علاوہ ازیں ڈرون حملوں سے پاکستان کے معصوم شہریوں کو شہید کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں غیر ملکی ایجنسیاں ایک فرقہ کے لوگوں کو بسوں سے اتار کر موت کے گھاٹ اتار رہی ہیں تاکہ ملک بھر میں فرقہ وارانہ فسادات پھیل جائیں، حکومت کی تمام تر توجہ عدلیہ سے تصادم پر مرکوز ہے اور وہ داخلی اور خارجی خطرات کے حوالہ سے مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہو رہی ہے۔

ارکانِ شوریٰ کا اس پر کامل اتفاق تھا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل صرف اسلام کے نظامِ عدلِ اجتماعی کے قیام میں مضمر ہے اور پاکستان کے لوگ جن آلام ومصائب میں مبتلا ہیں اس کی صرف یہ وجہ ہے کہ ہم نے اجتماعی طور پر اللہ اور اس کے رسول(ص) سے بے وفائی بلکہ غداری کا ارتکاب کیا ہے، آج بھی اگر ہم نظریہ پاکستان کو عملی شکل دے دیں، پارلیمنٹ یا عدلیہ کی بالادستی کے چکر سے نکل کر قرآن و سنت کی بالادستی قبول کر لیں تو ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں خوشحال، مضبوط اور مستحکم پاکستان بنا سکتے ہیں جسکی طرف کوئی سپریم قوت بھی میلی نگاہ سے دیکھنے کی جرأت نہ کر سکے۔
خبر کا کوڈ : 190479
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش