0
Wednesday 29 Aug 2012 20:27

گلگت بلتستان کے طلباء قابلیت اور صلاحیت میں اپنی مثال آپ ہیں، میجر جنرل اکرام الحق

گلگت بلتستان کے طلباء قابلیت اور صلاحیت میں اپنی مثال آپ ہیں، میجر جنرل اکرام الحق
اسلام ٹائمز۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل اکرام الحق نے کہا ہے کہ سب سے بہتر مسلمان وہ ہے جس کا تقوی اچھا ہو، طلبہ و طالبات حصول علم کے ساتھ ساتھ علاقے میں قیام امن اور اتحاد بین المسلمین کے لئے کردار ادا کریں۔ ایف سی این میں پبلک اسکول اینڈ کالج جوٹیال اور آرمی پبلک سکول کے میٹرک اور انٹر میڈیٹ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر نے کہا کہ علاقے کے بہتر مستقبل کے لئے امن کا مستقل قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے بھرپور اس علاقے میں رواداری اور بھائی چارگی کیلئے ہر فرد کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے طلبہ و طالبات کے ٹیلنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلباء قابلیت اور صلاحیت میں اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لئے پبلک اسکول اینڈ کالج جوٹیال اور آرمی پبلک سکول نہایت کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جس کی واضح مثال ان تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے فیڈرل بورڈ کے سالانہ امتحانات میں علاقائی سطح پر نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے جو کہ علاقے اور اداروں کے لئے اعزاز کا مقام ہے۔

میجر جنرل اکرام الحق نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تعلیم کے سفر کو آگے جاری رکھیں گے اور اس ملک و علاقے کی تعلیم و ترقی میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔ تقریب کے دوران پبلک اسکول اینڈ کالج جوٹیال کے پرنسپل کرنل جاوید اسلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور اسا تذہ بھی بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اپنی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک اسکول اینڈ کالج نے اپنے 32 سالہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے فیڈرل بورڑ کے سالانہ امتحانات میں بہترین رزلٹ دیا ہے۔ تقریب کے آخر میں مہمان خصوصی فورس کمانڈر نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔
خبر کا کوڈ : 191127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش