QR CodeQR Code

شیعہ ٹارگٹ کلنگ نہ رکی تو ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں تک پہنچ جائینگے، علامہ عبدالخالق اسدی

30 Aug 2012 20:33

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات اور گلگت بلتستان کے عوام خصوصاََ طالب علموں کو محصور کرکے حکمران یہاں فلسطین غزہ جیسے حالات پیدا کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی آفس سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے کوئٹہ ٹارگٹ کلنگ اور گلگت بلتستان انتظامیہ کی طلباء پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں شیعہ نسل کشی جاری ہے اور آج عدلیہ پر بھی وار کرکے سیشن جج کو شہید کیا گیا، ان کا قصور فقط شیعہ ہونا تھا، ملک میں مٹھی بھر دہشت گردوں کو پروموٹ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، عدلیہ سمیت سکیورٹی اداروں کی خاموشی ایک بھیانک اور تباہ کن دور کی نشان دہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام کے مسئلے پر ریاست کے چاروں ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ہم سکردو میں گرفتار طلباء کو فوری رہا کرنے اور ان کے مطالبات من و عن ماننے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء اور طلباء پر ریاستی تشدد آمریت کی بدترین مثال ہے۔

علامہ اسدی نے کہا کہ راستوں میں دہشتگردوں کی بربریت اور علاقے میں حکومتی اداروں کا تشدد خطے میں غزہ جیسے حالات پیدا کر رہے ہیں، یہ سب ایک منظم منصوبے کا حصہ ہے، ملک میں شیعہ قوم کے ساتھ ایسے واقعات ہوتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب عوام کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبان میں ہونگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میں شہید جج ذوالفقار علی نقوی کے قتل کی جوڈیشنل انکوائری کی جائے اور گلگت بلتستان میں محصور طلباء کو فی الفور خصوصی پروازوں کا انتظام کرکے ان کا تعلیمی سال ضائع ہونے سے بچایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 191422

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/191422/شیعہ-ٹارگٹ-کلنگ-نہ-رکی-ہاتھ-حکمرانوں-کے-گریبانوں-تک-پہنچ-جائینگے-علامہ-عبدالخالق-اسدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org