QR CodeQR Code

ملتان، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کا احتجاج

1 Sep 2012 02:06

اسلام ٹائمز: مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو کچھ دینے کی بجائے عوام سے چھین لیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام چوک گھنٹہ گھر پر پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمت، مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بد امنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی ملتان کے قائم مقام امیر ڈاکٹر اشرف علی عتیق، نائب امیر ڈاکٹر حفیظ انور، مولانا عبدالرزاق، چوہدری عبدالرحیم گجر، چوہدری ظفر اقبال، رانا طارق نعیم اور کنور محمد صدیق نے کی، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر پٹرولیم قیمتوں میں اضافے، مہنگائی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور ملک میں بڑھتی ہوئی بد امنی کے خلاف کے نعرے درج تھے، جبکہ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ اور حکومت پاکستان کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ 

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ملتان کے رہنمائوں نے کہا کہ اگر حکومت ہماری حفاظت نہیں کر سکتی تو ہمیں بتا دے ہم خود اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں اور وزیرستان کو امریکہ کا قبرستان بنادیں گے، پاکستانی حکومت نے اپنے فوجی جوانوں کا سودا کر رکھا ہے، جس ملک کے لیے ہمارے آبائو اجداد نے قربانیاں دی تھیں آج اُسی ملک میں ہمارا خون بہایا جا رہا ہے، ہم نے ہندئوں سے اس لیے آزادی حاصل نہیں کی تھی کہ ہمیں انگریزوں کا غلام بنادیا جائے۔ 

مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان نے ہر دور میں دکھی عوام کا ساتھ دیا ہے، ہمیں اُمید ہے کہ آئندہ الیکشن میں عوام بھی ہمیں نااُمید نہیں کریں گے، اس وقت ملک کو ایسی پاک و شفاف قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو ہر لحاظ سے بہتر طور پر چلا سکے اور ایسی ٹیم صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔


خبر کا کوڈ: 191640

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/191640/ملتان-پٹرولیم-مصنوعات-کی-قیمتوں-میں-اضافے-کیخلاف-جماعت-اسلامی-کا-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org