0
Saturday 1 Sep 2012 21:16

دہشت گردوں کو اسلحہ اور رقوم دینے والے ہاتھ تلاش کئے جائیں، ساجد میر

دہشت گردوں کو اسلحہ اور رقوم دینے والے ہاتھ تلاش کئے جائیں، ساجد میر
اسلام ٹائمز۔ مرکز اہل حدیث میں علماء کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن کا جواز پیدا کرنے کے لیے پاک فوج کے جوانوں کے گلے کاٹے جا رہے ہیں، امریکہ کی مسلط کردہ دہشت گردی کی جنگ کو حکمرانوں نے اپنے مفاد کے لیے طول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستانیوں کو قتل کر رہا ہے اور دوسری طرف حکومت مہنگائی کے بم برسا کر عوام کو زندہ درگور کر رہی ہے، باجوڑ سے اغوا کیے گئے 12 فوجیوں کے طالبان کے ہاتھوں سر قلم کیے جانے کے واقعہ قابل مذمت ہے۔

علامہ ساجد میر نے کہا کہ امریکی مفاد میں لڑی جانے والی جنگ میں پاک فوج کو جھونکنا ملک اور خود فوج کے مفاد میں نہیں، ہماری فوج کے بارے میں یہ تاثر تقویت پا رہا ہے کہ ہماری فوج کرائے کی فوج بن کر رہ گئی ہے، جو قوم کے محافظ ادارے کی ساکھ کو تباہ کرنے کے مترداف ہے، ہمیں اس جنگ سے اپنی فوج کو الگ کر لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ شدت پسندوں کو اسلحہ اور پیسہ دینے والے خفیہ ہاتھ تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے کھیل میں عالمی قوتیں شامل ہیں جنکا مقصد ہمیں ایٹمی صلاحیت سے محروم کرنا ہے۔

امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث کا کہنا تھا کہ اس جنگ نے ہمیں اقتصادی طور پر کھوکھلا کر دیا ہے، دفاعی اور اقتصادی لحاظ سے دن بدن کمزور ہو رہے ہیں، حکمرانوں کی غلامانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملکی سلامتی اور خودمختاری خطرے میں پڑ چکی ہے۔ دریں اثناء پروفیسر ساجد میر نے ملک کی سیاسی صورتحال پر غور اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے کل 2 ستمبر اتوار کو پارٹی کی مجلس عاملہ اور ضلعی امراء و ناظمین کا اجلاس لاہور میں طلب کر لیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 191878
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش