QR CodeQR Code

ملک میں جتنے زیادہ صوبے ہونگے عوام کو اتنا ہی زیادہ ریلیف میسر آئے گا، ڈاکٹر وسیم اختر

2 Sep 2012 01:25

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی پنجاب کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے مسائل جوں کے توں ہیں، پنجاب میں بھی دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں، کرپشن اور لاقانونیت کی انتہاء ہوچکی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ نئے صوبے ملک کیلئے ناگزیر ہیں، اپنے ایک بیان میں اٹارنی جنرل عرفان قادر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر کا عہدہ وفاق کی علامت ہوتا ہے، آصف علی زرداری سیاسی جماعت کے شریک چیئرمین ہیں، اس لئے وہ دونوں میں سے صرف ایک عہدہ رکھ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں پر سیاست نہ چمکائی جائے، یہ ملک کی ناگزیر ضرورت ہیں، ملک میں جتنے زیادہ صوبے ہوں گے عوام کو اتنا ہی زیادہ ریلیف میسر آئے گا اور ادارے مضبوط ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام کو بھی ان کا آئینی حق دیتے ہوئے صوبائی حیثیت کو بحال کیا جانا چاہئے، جنوبی پنجاب کے عوام کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، وڈیروں اور جاگیر داروں نے سرائیکی عوام کو یرغمال بنایا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، مسائل جوں کے توں ہیں، پنجاب میں بھی دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں، کرپشن اور لاقانونیت کی انتہاء ہوچکی ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا جاتا ہے، حالیہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے، مہنگائی کی چکی میں پسے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، رہنماء جماعت اسلامی ڈاکٹر وسیم اختر نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا۔


خبر کا کوڈ: 191934

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/191934/ملک-میں-جتنے-زیادہ-صوبے-ہونگے-عوام-کو-اتنا-ہی-ریلیف-میسر-آئے-گا-ڈاکٹر-وسیم-اختر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org