0
Sunday 2 Sep 2012 18:31

جماعت اسلامی خواتین 4 ستمبر کو عالمی یوم حجاب منائے گی

جماعت اسلامی خواتین 4 ستمبر کو عالمی یوم حجاب منائے گی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی ڈپٹی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ حجاب حکم خداوندی، مسلم خواتین کا فخر اور پاکیزہ معاشرے کی بنیاد ہے، مغرب کی حجاب دشمنی دراصل اسلام دشمنی اور اس کے دہرے معیار کا ثبوت ہے، مروۃ الشربینی کو دنیا بھر کی مسلم خواتین خراج عقیدت پیش کرتی ہیں، جماعت اسلامی حلقہ خواتین حجاب کے فروغ کے ذریعے با حیا معاشرے کی تعمیر میں مصروف عمل ہے، یکم تا 20 ستمبر ملک گیر سطح پر فروغ حجاب مہم چلائی جائے گی، 15 ستمبر کو لاہور میں منعقدہ حجاب کانفرنس میں خاتون اول پاکستان کی شرکت متوقع ہے۔ میڈیا ملک میں حیا کے کلچر کے فروغ کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں عشرہ فروغ حجاب کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ناظمہ کراچی رعنا فضل، نائب ناظمہ حمیرا خالد اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات عالیہ منصور بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ قرآن و حدیث میں پردہ و حجاب کے واضح احکامات کے باوجود آج اسے متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، مغرب نے عسکری یلغار کے ساتھ تہذیبی دہشت گردی بھی مسلط کر دی ہے اور آج مختلف ذرائع سے حجاب کو ہدف بنایا جا رہا ہے، بھری عدالت مروۃ الشربینی کے قتل نے مغرب جو شخصی آزادی کا دعویدار بنا پھرتا ہے اس کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کردیا ہے، مروۃ کی شہادت نے ثابت کردیا ہے کہ مسلم عورت اپنے حق کے تحفظ کیلئے جان دینے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا ویلنٹائن ڈے، بسنت اور دیگر غیر اسلامی کلچر کے فروغ کے بجائے عالمی یوم حجاب کو بھرپور طریقے سے منائے اور حیا کے فروغ میں اپنی ذمہ داری ادا کرے کیونکہ معاشرے میں حیا اور حجاب قائم کئے بغیر عورت کے حقوق کے تحفظ کی باتیں خام خیالی ہے۔

اس موقع پر حمیرا خالد نے کراچی میں منائے جانے والے عشرے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 4 ستمبر کو عالمی یوم حجاب کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت نیو ایم اے جناح روڈ پر مظاہرہ کیا جائے گا جس میں تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شرکت کریں گی، شہر کی بڑی مارکیٹوں میں حجاب سٹالز لگائے جائیں گے جہاں پر اسکارف، عبایا اور برقے انتہائی کم قیمت میں دستیاب ہوں گے، مارکیٹس اور سپر اسٹورز میں جاب کرنے والی خواتین اور سیلز گرلز میں تحفتاً حجاب تقسیم کئے جائیں گے، حجاب مسلم عورت کا افتخار کے عنوان سے لیکچرز منعقد کئے جائیں گے، 14 ستمبر کو فاران کلب میں حجاب نمائش منعقد کی جائے گی جبکہ 15 ستمبر کو لاہور میں حجاب کانفرنس ہوگی جس میں وزیراعظم پاکستان کی اہلیہ سمیت ملک بھر کی نمائندہ خواتین کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد خواتین میں حجاب کا شعور پروان چڑھانا ہے۔
خبر کا کوڈ : 192162
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش