1
0
Sunday 2 Sep 2012 19:19

مسلمان متحد و بیدار ہو جائیں تو دنیا کی کوئی قوت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، حافظ سعید

مسلمان متحد و بیدار ہو جائیں تو دنیا کی کوئی قوت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ مرکز خیبر نشاط آباد فیصل آباد میں ملک بھر سے آنے والے جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی، زونل، ضلع و تحصیل ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ میں بھارت و امریکہ ملوث ہیں، افغانستان میں بدترین شکست پر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، 10 ستمبر کو دفاع پاکستان کونسل کے سربراہی اجلاس میں ڈرون حملوں، نیٹو سپلائی اور شمالی وزیرستان آپریشن کے خلاف ملک گیر تحریک کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے جائیں گے، بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دیکر تجارت جیسے فیصلوں سے کشمیریوں کا اعتماد مجروح ہوا ہے۔ کشمیر، برما، فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کی مدد پوری مسلم امہ پر فرض ہے، امریکی پابندیوں سے کسی قسم کے دباؤ کا شکار نہیں ہونگے، نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے خلاف تحریک کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔


حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل پاکستان میں جنگ بھڑکانا چاہتے ہیں، مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں، ہم نے ان شاء اللہ متحد ہو کر اسلام دشمن قوتوں کی ان کوششوں کو ناکام بنانا ہے اور قریہ قریہ، شہر شہر جا کر اتحاد و یکجہتی کی فضا پیدا کرنا ہے، مسلمان متحد و بیدار ہو جائیں تو دنیا کی کوئی قوت ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے سب سے بڑ ے دشمن امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادی ہیں، انڈیا افغانستان میں اپنے ایجنٹوں کو تربیت دیکر پاکستان میں تخریب کاری و دہشت گردی کیلئے داخل کر رہا ہے، گلگت، بلتستان کو لداخ کے ساتھ ملا کر انڈیا کی مداخلت اور گوادر پورٹ پر امریکی قبضے کے راستے ہموار کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا امریکہ بلوچستان اور شمالی علاقہ جات میں بیٹھ کر وسط ایشیا تک اپنی راہیں ہموار کرنا چاہتا ہے تاکہ سارے خلیج کو کنٹرول کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ جو مذموم مقاصد امریکہ، بھارت اور نیٹو فورسز افغانستان میں حاصل نہیں کر سکے وہ پاکستان میں حاصل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں امریکہ اور بھارت کی مداخلت مکمل طور پر ختم کی جائے اور شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حوالہ سے کسی قسم کا امریکی دباؤ قبول نہ کیا جائے اس سے پاکستان کیلئے اور زیادہ مسائل کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ منظم منصوبہ بندی کے تحت ڈرون حملے کرتا ہے تاکہ اس کے نتیجہ میں خودکش حملے ہوں ا ور پھر پاکستان کو غیر محفوظ کر کے مشرق و مغرب سے اس کو نشانہ بنایا جا سکے، بیرونی قوتوں کی اصل دشمنی اسلام اور مسلمانوں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ برما، کشمیر، فلسطین اور افغانستان کے مسئلے میدانوں میں قربانیاں پیش کرنے کا راستہ اختیار کرنے سے حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو غیر ملکی قوتوں کی غلامی سے نکالنے کا بھی یہی طریقہ ہے، آزاد پاکستان ہی دنیا میں اسلام کی نمائندگی اور برما، کشمیر اور دنیا کے دیگر خطوں کی آزادی و تحفظ کا ضامن ہو سکتا ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا اس کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وطن عزیز کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا جائے ایسے ملک کو پسندیدہ قرار دیکر تجارت پاکستان کے بنیادی نظریہ اور اساس کے خلاف ہیں جسے پاکستانی قوم کسی صورت برداشت نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستانی دریاؤں پر ڈیم تعمیر کر کے ہماری سرسبز زمینوں کو بنجر بنانے اور بغیر جنگ لڑے پاکستان کو فتح کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے تو دوسری طرف شہ رگ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے نہتے کشمیریوں کا خون بہانے میں مصروف ہے، ان حالات میں بھارت سے تجارت کی پالیسیوں سے غیور پاکستانیوں کے جذبات مشتعل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے گھروں میں قرآن و سنت نافذ کریں، خواتین پردہ کریں اور اپنے بچوں کو ایسے تعلیمی اداروں میں داخل نہ کروائیں جہاں ان کے عقیدے و ایمان برباد ہونے کا اندیشہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 192169
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

United States
good and garit
ہماری پیشکش