QR CodeQR Code

موجودہ حکومت عوام اور غریب دشمن حکومت ہے، سراج الحق

3 Sep 2012 14:36

اسلام ٹائمز: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے لیبر ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں ہفتے کے اندر دوبارہ ظالمانہ اضافہ سے مہنگائی کا بدترین سیلاب آگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور سابق سینئر وزیر خیبر پختونخوا سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرا ن طبقہ مزدور مسائل سے مسلسل پہلو تہی کر رہا ہے، روٹی، کپڑا اور مکان دینے کے نعرے فریب ثابت ہوچکے ہیں، حال ہی میں پٹرول کی قیمتوں میں ہفتے کے اندر دوبار ظالمانہ اضافہ سے مہنگائی کا بدترین سیلاب آ گیا ہے، جس سے عوام کی پریشانیوں میں شدید اضافہ ہوگیا ہے، یہ حکومت عوام اور غریب دشمن حکومت ہے اور کرپشن اس کا طرہ امتیاز بن چکی ہے، انہوں نے یہ باتیں جماعت اسلامی کی لیبر ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، اجلاس میں سیکرٹری لیبر ٹاسک فورس شمس الرحمان سواتی، رانا محمود علی خان، خالد بخاری، حافظ طاہر اسلم، برجیس احمد، محبوب الٰہی اور ذوالفقار سرمدی نے شرکت کی۔ 

چیئرمین لیبر ٹاسک فورس سراج الحق نے کہا کہ محنت کش طبقہ انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے، مہنگائی نے اس کا جینا دو بھر کر دیا ہے، ضروریات زندگی کی اشیاء میں روز بروز اضافہ نے مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے جبکہ رہی سہی کسر یوٹیلٹی بلوں نے پوری کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ محنت کش طبقہ کے لیے مزید پریشانیوں کا باعث بنے گا اور ہر چیز کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا اور کرائے بھی کئی گنا بڑھا دیئے گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کی مزدور دشمنی کا کھلا ثبوت ہیں۔


خبر کا کوڈ: 192333

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/192333/موجودہ-حکومت-عوام-اور-غریب-دشمن-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org