0
Monday 3 Sep 2012 20:05

امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے، صاحبزادہ فضل کریم

امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے، صاحبزادہ فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کے لیے بلائے گئے سنی اتحاد کونسل کے اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ بلوچستان اور کراچی میں مسلسل ٹارگٹ کلنگ پاکستان کی سلامتی کے خلاف گہری سازش ہے، بلوچستان سے کوہستان تک پورا پاکستان لہو لہو ہے، قومی قیادت سیاست سے بالاتر ہو کر خونی کھیل کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے، عالمی سازش کے تحت پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، حکومت بلوچستان، کراچی اور گلگت میں بدامنی پھیلانے والے خفیہ ہاتھوں کو بے نقاب کرے اور حکمران بلوچستان میں بھارتی و امریکی مداخلت کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے گلے کاٹنے والے اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں، قوم متحد ہو کر موت کے سوداگروں اور کرائے کے قاتلوں کے سامنے دیوارِ چین کھڑی کر دے، طالبانی سوچوں کی مزاحمت کے لیے صوفیاء کی فکر کو اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے زندگی کے ہر شعبے کو ہلا کر رکھ دیا ہے، وسائل سے مالامال پاکستان حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاقانونیت کے بڑھتے ہوئے رجحان کے آگے بند باندھنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات ہر محب وطن پاکستانی کے لیے تشویش اور اضطراب کا باعث ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ اگر مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کیا گیا تو ہر گھر سے باغی نکلے گا جسے توپ اور تلوار بھی نہیں روک سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر صوبے میں نفرتوں، کدورتوں، عصبیتوں اور عداوتوں کی آگ بھڑکائی جا رہی ہے، ملک دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے، حکمرانوں کی بدعنوانیوں، بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ووٹ کی طاقت سے نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست ختم کر کے انقلابِ نظامِ مصطفی برپا کرے گی کیونکہ نظامِ مصطفی کا نفاذ ہی تبدیلی کا واحد راستہ ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے۔ امریکہ عالمی تھانیدار بن کر پوری دنیا میں بدمعاشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آدھے سے زیادہ وسائل حکمرانوں کی عیاشیوں پر خرچ ہو رہے ہیں، حکومتی اخراجات کا بوجھ عوام پر ڈالنا ظلم ہے۔ اجلاس میں پیر محمد افضل قادری، پیر فضیل عیاض قاسمی، پیر قمر سلطان قادری، پیر محمد اطہر القادری، طارق محبوب، صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، الحاج سرفراز تارڑ، میاں محمد اصغر رامے، مفتی محمد سعید رضوی، پیر طارق ولی چشتی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، محمد نواز کھرل، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، الحاج امجد علی چشتی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، صاحبزادہ سید صابر گردیزی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 192452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش