0
Tuesday 4 Sep 2012 01:14

پیپلزپارٹی قومی انتخابات ایک سال کیلئے موخر کرنے کی سازش کر رہی ہے، منور حسن

پیپلزپارٹی قومی انتخابات ایک سال کیلئے موخر کرنے کی سازش کر رہی ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اپنی اتحادی ایم کیو ایم کے کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں پر قبضے کی راہ ہموار کر رہی ہے اور یہ جنرل الیکشن سے فرار اور اقتدار پر قابض رہنے کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی یہ گھنائونی سازش کامیاب ہو گئی تو ملکی سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی، کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کا سلسلہ سندھ بھر میں پھیل جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو آئندہ انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے، جس سے بچنے کے لئے وہ پاکستان کی سالمیت کو دائو پر لگا رہی ہے۔ 

سید منور حسن نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کی ہمیشہ حامی رہی ہے اور ہم نے بارہا حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں لیکن حکومت نے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے ساڑھے چار سال ضائع کر دیئے اب جبکہ فروری میں حکومت کی اپنی مدت ختم ہورہی ہے اس نے بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عبوری حکومت قائم کر کے اس کی نگرانی میں قومی انتخابات کی ضرورت ہے لیکن پیپلز پارٹی اس سارے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے، سید منور حسن نے کہا کہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی پر عرصے سے دبائو ڈال رہی تھی کہ جنرل الیکشن سے قبل بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ وہ بلدیات پر قبضہ کر کے قومی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے ذریعے اپنے من پسند نتائج حاصل کرسکیں۔ 

انہوں نے کہا کہ زرداری ایم کیو ایم کے ہاتھوں کھلونا بنے ہوئے ہیں، انہیں رحمان ملک کے ذریعے لندن سے جو حکم ملتا ہے وہ ملک کے نفع و نقصان سے بے پرواہ ہو کر اس پر عمل درآمد کے لیے کمربستہ ہوجاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کرانے کا شوشہ چھوڑ کر زرداری نے پوری قوم کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے اپنے چار ادوار میں کبھی بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے، اب جبکہ قومی انتخابات کرانے کا وقت قریب آلگا ہے، ایسے موقع پر بلدیاتی انتخابات کا شوشہ چھوڑنا محل نظر ہے، انہوں نے کہا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ پیپلز پارٹی قومی انتخابات کو ایک سال کے لیے موخر کرنے کی سازش کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 192489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش