0
Tuesday 4 Sep 2012 20:02

حکمرانوں نے ڈالروں کے بدلے پاکستان کو امریکی کالونی بنا دیا، فضل کریم

حکمرانوں نے ڈالروں کے بدلے پاکستان کو امریکی کالونی بنا دیا، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی دفتر گلبرگ میں مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ پاکستان بیروت بنتا جا رہا ہے، کربلا بننے سے پہلے قائدین ہوش میں آئیں، پورا ملک انتشار اور خلفشار کی لپیٹ میں ہے، قوم خطرات اور خدشات کا شکار ہے، سنگین ملکی حالات قومی قیادت کے اتحاد کے متقاضی ہیں، سیاسی گند صاف کرنے کے لیے بھل صفائی ضروری ہو گئی ہے، صدر اور وزیراعظم کا صوابدیدی فنڈ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لیے استعمال میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کا خفیہ فنڈ ختم ہونا چاہیے، بھارت بلوچستان میں آگ لگا رہا ہے، حکمرانوں نے ڈالروں کے بدلے پاکستان کو امریکی کالونی بنا دیا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس پر ہر گھنٹے ستر لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں لیکن اس کے باوجود پنجاب میں جرائم پچاس فیصد بڑھ گئے ہیں، حکومت عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ رمشا کیس کی آڑ میں قانونِ ناموسِ رسالت کو تبدیل یا ختم کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر ڈرون حملے کرنے پر امریکی صدر اوبامہ پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلنا چاہیے کیونکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کسی بھی ملک پر اعلانِ جنگ کے بغیر بمباری جنگی جرائم میں شمار کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں اہلیت اور دیانت کا نہیں، پیسے کا مقابلہ ہوتا ہے اور زیادہ پیسے خرچ کرنے والا جیت جاتا ہے، حقیقی جمہوریت کے لیے سیاست سے پیسے کا عمل دخل ختم کرنا ہو گا اور سچی اور کھری جمہوریت کے لیے موروثی سیاست اور خاندانی پارٹیوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ پنجاب کے ساڑھے چار ہزار ہائی سکولوں اور چھ سو ہائر سیکنڈری سکولوں میں چھ ہزار سیٹیں خالی پڑی ہیں اور پنجاب کے حکمران اربوں روپے دانش سکولوں پر خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساٹھ فیصد لوگ دو ڈالر یومیہ سے کم کماتے ہیں، عالمی ادارے پاکستان میں عالمی سطح کی مہنگائی لانا چاہتے ہیں لیکن غریب پاکستانی عالمی مہنگائی کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکمرانوں نے کمرتوڑ مہنگائی سے لاکھوں غریبوں کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غربت کی وجہ سے ہونے والی ہر خودکشی کی ایف آئی آر حکمرانوں کے خلاف درج ہونی چاہیے۔ مرکزی جے یو پی کی شوریٰ کے اجلاس میں ملک گیر رابطہ عوام مہم چلانے اور ضلعی سطح پر ورکرز کنونشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں طارق محبوب، صوفی ارشد القادری، مولانا وزیر القادری، علامہ محمد شریف رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفی، الحاج سرفراز تارڑ، میاں فہیم اختر، مفتی محمد سعید رضوی، محمد حنیف چوہدری، ملک بخش الٰہی، مولانا فتح محمد باروزئی، علامہ فضل جمیل رضوی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 192744
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش