QR CodeQR Code

گلگت بلتستان میں سازش کے تحت بدامنی پھیلائی جارہی ہے، عمران خان

4 Sep 2012 22:14

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم گذشتہ 8 سال سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے پاکستان میں انتہا پسندی میں اضافہ ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 6 اکتوبر سے شمالی وزیرستان کےلئے امن مارچ کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ 6 اکتوبر کو ایک لاکھ افراد کے ہمراہ شمالی وزیرستان امن مارچ کےلئے اسلام آباد سے نکلیں گے۔ قافلہ اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے گا جہاں سے اگلے دن شمالی وزیرستان جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا امن مارچ میں عالمی میڈیا بھی ساتھ ہوگا۔ اگر ہمارے امن مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو پھر بتائیں گے کہ کیا کرنا ہے۔ 

پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم گذشتہ 8 سال سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے پاکستان میں انتہا پسندی میں اضافہ ہوا ہے۔ کسی کو پتا نہیں کہ دہشتگردی کےخلاف یہ نام نہاد جنگ کب ختم ہوگی۔ قبائلی علاقوں کے 30 لاکھ افراد بےگھر ہوچکے ہیں۔ ڈرون حملوں میں مارے جانے والے افراد میں سے کسی کا آج تک نام بھی نہیں بتایا گیا۔ سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ حکومت کراچی اور بلوچستان میں آج تک ٹارگٹ کلنگ نہیں روک سکی۔ موجودہ حکومت کا ایک ایک منٹ تباہی کے مترادف ہے۔ اگر حکومت لوگوں کے جان و مال کا تحفظ نہیں کرسکتی تو مستعفیٰ ہوجائے۔ 

گلگت بلتستان کی صورتحال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں بدامنی سازش کے تحت کی جارہی ہے۔ سازش کے تحت شیعہ اور سنی فرقہ کے افراد کو آپس میں لڑایا جارہا ہے۔ پاکستان سرزمین پر امریکی ڈرون حملوں کے بارے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں پر صدر اور وزیراعظم کے مذمتی بیانات سے بات نہیں چلے گی اور نہ ہی مذمتوں سے جنگ جیتی جاسکتی ہے، ہمیں مقامی لوگوں کو ساتھ ملانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات فراڈ اور عام الیکشن کو متاثر کرنے کی کوشش ہے۔ نگران حکومت پر سب کو اعتماد میں لیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 192774

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/192774/گلگت-بلتستان-میں-سازش-کے-تحت-بدامنی-پھیلائی-جارہی-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org