0
Tuesday 4 Sep 2012 23:17

پاکستان میں جمہوریت کے نام پر شخصی آمریتیں قائم ہیں، احمد نواز انجم

پاکستان میں جمہوریت کے نام پر شخصی آمریتیں قائم ہیں، احمد نواز انجم
اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ موجود انتخابی نظام ایک حلقے پر کروڑوں کے اخراجات، برادری ازم، غنڈہ گردی، الیکشن ڈے مینجمنٹ، وننگ ہارسز اور بے منشور سیاست کے اجزا کا مرکب ہے۔ کینسر زدہ نظام کے تحت ہونے والے الیکشن قوم سے جینے کا حق بھی چھین لیں گے۔ ملک تنگ نظری، انتہا پسندی، تفرقہ بازی، عدم برداشت، سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی اور لا قانونیت کی منجدھار میں پھنسا ہوا ہے۔

قوم آمرانہ جمہوریت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ انتخابی اصلاحات کے بعد ہونے والے الیکشن کے ذریعے ملک کی وفادار قیادت کو ابھرنے کا موقع نہ مل سکے۔ وہ گذشتہ روز تحریک منہاج القران پی پی 10-A کے زیر اہتمام گولڑہ موڑ کے نزدیک نظام بدلو کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ کنونشن میں معززین علاقہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کشتی طاقتوروں کے تھپیڑوں کے سپرد ہے۔ مذہبی اور سیاسی سطح پر پاکستانی معاشرہ عدم برداشت کی ایسی بھیانک تصویر پیش کر رہا ہے جسے دیکھ کر محب وطن طبقہ روز ایک نئے کرب سے گزرتا ہے۔

آج ادارے کمزور اور آئین غیر محفوظ ہے۔ جمہوریت کے نام پر شخصی آمریتیں قائم ہیں۔ احمد نواز انجم نے کہا کہ نوجوانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ وطن عزیز کو قائداعظم کا پاکستان بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ قوم کے نوجوان نظام انتخاب کے خلاف منظم اور موثر جدوجہد کیلئے تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم کا حصہ بنیں اسی سے ملک میں حقیقی جمہوریت کا سورج طلوع ہو گا۔ کنونشن سے آصف قادری، جبار عباسی، ملک منظور اور قاضی مجیب نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 192786
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش