0
Wednesday 5 Sep 2012 03:54

بے گناہ انسانوں کی ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے لیکن کوئی جماعت بولنے کیلئے تیار نہیں ہے، الطاف حسین

بے گناہ انسانوں کی ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے لیکن کوئی جماعت بولنے کیلئے تیار نہیں ہے، الطاف حسین
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں سے کہا ہے کہ وہ آپس میں مل کر ملک کو درپیش خطرات اور بحرانی کیفیت سے نکالیں پھر سیاست کریں، کیونکہ پاکستان ہے تو سب کچھ ہے، خدانخواستہ اگر پاکستان نہیں تو کچھ نہیں، کوئی سیاست، کوئی جاگیر یا کسی کی شہنشاہیت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بات ایم کیو ایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں اراکین رابطہ کمیٹی، ایم کیو ایم یو کے کی آرگنائزنگ کمیٹی اور شعبہ خواتین سمیت انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے دیگر شعبوں کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

الطاف حسین نے کہا کہ ملک انتہائی اندرونی و بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے، ہر شہر میں دہشت گردوں کے ہاتھوں معصوم و بے گناہ انسانوں کی ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے لیکن بے گناہ انسانی جانوں کے اتلاف پر کوئی جماعت بولنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بڑی بڑی سیاسی جماعتیں اقتدار کے کھیل میں ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں، ایسے وقت میں ملک کے لوگوں کو خود سوچنا چاہیے کہ وہ آپس میں لڑنا چاہتے ہیں یا تمام تر اختلافات کو بھول کر اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف متحد ہوتے ہیں اور اپنے اتحاد کی طاقت سے حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور جوڈیشری کو مجبور کرتے ہیں کہ وہ مظلوم کا ساتھ دیں، ظالم کی نشاندہی کریں اور ظالموں کو عبرتناک سزا دیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ ملک کو خطرات سے اکیلا الطاف حسین نہیں نکال سکتا لہٰذا میں تمام فقہوں، مسالک اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے ایک ایک مظلوم پاکستانی کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیے پاکستان کی خاطر ایک ہوجائیے، ہاتھ ملائیے، ایم کیو ایم اور الطاف حسین کا ساتھ دیجئے، ہم ملک سے ظلم کے نظام کا خاتمہ کریں گے اور انصاف کا نظام قائم کریں گے۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیو ایم ملک میں انصاف کا ایسا نظام چاہتی ہے جہاں تمام فقہوں، مسالک اور مذاہب کے لوگوں کو یکساں حقوق حاصل ہوں، سب کے ساتھ انصاف ہو، کسی کے ساتھ ناانصافی و زیادتی نہ ہو، خواتین پر ہونے والے مظالم کا خاتمہ ہو اور انہیں برابر کے حقوق ملیں۔
خبر کا کوڈ : 192849
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش