0
Wednesday 5 Sep 2012 21:30

آئیے باہمی اختلافات بھلا کر مادر وطن کا دفاع مضبوط کرنے کا عہد کریں،شہباز شریف

آئیے باہمی اختلافات بھلا کر مادر وطن کا دفاع مضبوط کرنے کا عہد کریں،شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ستمبر 1965 ء کی جنگ میں افواج پاکستان نے جس عزم و ہمت اور جرأت و بہادری کا مظاہرہ کیا تھا، وہ ہماری ملکی تاریخ کا سنہری باب ہے، آج کے دن پاکستانی قوم کو ایک بار پھر عہد کرنا ہو گا کہ ہمیں فروعی، سیاسی، لسانی اور ہر قسم کے اختلافات پس پشت ڈال کر مادر وطن کا دفاع مضبوط کرنا ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک پاکستانی قوم نے آزمائش کی ہر گھڑی میں استقامت کے ساتھ چیلنجوں کا مقابلہ کیا ہے، کوئی بھی جنگ صرف اسلحے کے زور پر اس وقت تک نہیں جیتی جا سکتی جب تک پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ نہ کھڑی ہو۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے 1998 ء میں ملک کو باضابطہ ایٹمی قوت تسلیم کرایا، پاکستان مسلم لیگ ن اور ہمارے قائد محمد نواز شریف کے جرات مندانہ اور دلیرانہ موقف کے باعث ایٹمی دھماکے کر کے ایک خودمختار پاکستان کی بنیاد رکھی جس کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا اور اسی جوہری طاقت کی وجہ سے آج کوئی بھی دشمن پاکستان پر حملہ کرنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پاکستانی قوم نے ملکی دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا تاہم بدقسمتی سے آج ملک کو بیرونی خطرات سے زیادہ اندرونی خطرات درپیش ہیں، ہمیں اس بات کا اعتراف کرنا پڑے گا کہ اس وقت قوم ان مقاصد سے کوسوں دور ہے جن کے حصول کیلئے ہمارے بزرگوں نے یہ ملک بنایا اور بے انتہا قربانیاں دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں یہ سوچنا پڑے گا کہ آخر پاکستان بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت جیسے مسائل کی آماجگاہ کیوں بنا ہوا ہے؟، پاکستانی ہی دوسرے پاکستانی بھائی کا دشمن کیوں بنا ہوا ہے؟، اشرافیہ کو زندگی کی تمام نعمتیں اس کے گھر کی چوکھٹ پر سلام کرتی ہیں لیکن غریب آدمی دو وقت کی روٹی، تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں کیلئے کیوں ترستا ہے؟۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان سے وفا کے عزم کے اعادہ کا دن ہے، آئیے! آج ہم عہد کریں کہ بحیثیت قوم ہم متحد ہو کر اندرونی وبیرونی خطرات کو بھی اسی طرح شکست دیں گے جس طرح 1965ء کی جنگ میں ہم نے محاذ جنگ پر دشمن کو شکست دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قوم کو آج اسی اتحاد اور جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ اس نے ستمبر 1965ء کی جنگ کے دوران کیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ستمبر کی جنگ میں پاکستانی افواج کے جوانوں اور افسروں نے دفاع وطن کیلئے جو قربانیاں دیں وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ پاک فوج نے اس جنگ میں عزم و ہمت اور بہادری کی نئی داستانیں رقم کیں اور ملک کی سالمیت پر آنچ نہ آنے دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں عہد کرتی ہے کہ اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک یہ ملک قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان نہیں بن جاتا۔
خبر کا کوڈ : 193079
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش