QR CodeQR Code

طالبان عصر حاضر کے خوارج ہیں، امریکی و بھارتی ایجنسیاں امن تباہ کر رہی ہیں،فضل کریم

6 Sep 2012 00:52

اسلام ٹائمز:سربراہ سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ عدالتی نظام کی کمزوریوں کی وجہ سے 922 دہشت گرد عدالتوں سے رہا ہو چکے ہیں، اسلام کسی قوم یا مذہب کا دشمن ہر گز نہیں بلکہ اسلام تمام اقوام اور مذاہب کے ساتھ مفاہمت مکالمے اور امن کا داعی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ رضویہ ضیاء العلوم میں علما ؤ مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ فرقہ وارانہ قتل و غارت کی وجہ غیر ملکی مذہبی مداخلت ہے بعض اسلامی ممالک اپنی پراکسی وار پاکستان میں بند کر دیں، عالمی قوتوں نے پاک سرزمین کو نئی گریٹ گیم کا میدان بنا لیا ہے، پاکستان امریکہ کی چراگاہ بن چکا ہے آئندہ الیکشن کے نتیجے میں ایک نیا پاکستان وجود میں آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نسل در نسل حکمرانی کرنیوالے سدا بہار حکمران خاندان پاکستان کے لئے ناسور بن چکے ہیں، اسلام کسی قوم یا مذہب کا دشمن ہر گز نہیں بلکہ اسلام تمام اقوام اور مذاہب کے ساتھ مفاہمت مکالمے اور امن کا داعی ہے، طالبان عصر حاضر کے خوارج ہیں، امریکی اور بھارتی ایجنسیاں پاکستان کا امن تباہ کر رہی ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ تمام سیاستدان اپنے اثاثے پاکستان منتقل کر کے وطن عزیز کے ساتھ وفا کا ثبوت دیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی نظام کی کمزوریوں کی وجہ سے 922 دہشت گرد عدالتوں سے رہا ہو چکے ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا پی پی پی اور مسلم لیگ نواز کی ماضی اور حال کی کارکردگی مایوس کن ہے، بار بار اقتدار میں آنے والے خوشحال اور ملک بدحال ہو چکا ہے، باریوں کی سیاست قوم کے لئے باری کا بخار بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار اور اختیار والوں نے عوام کو ذلت اور اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ ’’اپنا مسلک چھوڑو نہیں اور کسی کا مسلک چھیڑو نہیں‘‘ کی روش اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقتوروں نے پینسٹھ سال سے جمہوریت اور اقتدار کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ سنی اتحاد کے چیئرمین نے کہا کہ تمام قومی قیادت امریکی مداخلت سے نجات، معیشت کی بہتری، دہشت گردی کے خاتمے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لئے مشترکہ قومی ایجنڈا تیار کریں۔ کنونشن کی صدارت علامہ سید حسین الدین شاہ نے کی۔


خبر کا کوڈ: 193131

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/193131/طالبان-عصر-حاضر-کے-خوارج-ہیں-امریکی-بھارتی-ایجنسیاں-امن-تباہ-کر-رہی-فضل-کریم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org