QR CodeQR Code

بھارت کے جارحانہ عزائم جنوبی ایشیاء میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں، سردار عتیق

6 Sep 2012 11:03

اسلام ٹائمز: یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کےصدر کا کہنا تھا کہ ملک دفاعی قوتوں کا بھرپور ساتھ دینا، ریاستی حقوق اور قومی تشخص کی حفاظت کرنا مسلم کانفرنس کی ترجیحات میں شامل ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کا مضبوط دفاع ہی پاکستان کی سلامتی اور آزادی کشمیر کا ضامن ہے۔ ملکی دفاعی قوتوں کا بھرپور ساتھ دینا اور ریاستی حقوق اور قومی تشخص کی حفاظت کرنا مسلم کانفرنس کی ترجیحات میں سب سے اہم ہے۔ وہ پارٹی سیکرٹریٹ میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان دراصل تجدید عہد کا دن ہے اور اہل کشمیر نے آزمائش کی ہر مشکل گھڑی میں اتحاد اور اتقاق کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عہد کر رکھا ہے اور آج ہم اس عہد کی دوبارہ تجدید کر رہے ہیں۔ 

انھوں نےکہا کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم جنوبی ایشیاء میں قیام امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر مین 64 سالوں سے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ قتل عام، ظلم تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری اور عالمی اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ صدر مسلم کانفرنس نے کہا کہ مہاجرین جموں و کشمیر اور آزاد کشمیر کے عوام دفاع پاکستان کو اپنے ایمان کا جزو سمجھتے ہیں اور مسلم کانفرنس کی قیادت اور کارکن اس عزم اور جذبے سے کبھی روگردانی نہیں کرسکتے۔


خبر کا کوڈ: 193162

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/193162/بھارت-کے-جارحانہ-عزائم-جنوبی-ایشیاء-میں-قیام-امن-کی-راہ-رکاوٹ-ہیں-سردار-عتیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org