QR CodeQR Code

عوامی خدمت پیپلز پارٹی کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے، مطلوب انقلابی

9 Sep 2012 09:46

اسلام ٹائمز: مظفرآباد میں عوامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر تعلیم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ایک سال کے اندر میگا پراجیکٹس کی شروعات، ہزاروں نئی آسامیوں کی تخلیق، سینکڑوں افراد کی میرٹ پر تعیناتیاں موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم محمد مطلوب انقلابی نے آزاد حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خدمت، مسائل کا حل، پیپلز پارٹی کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ کشمیر کی آزادی، عوام کی خوشحالی، علاقائی ترقی اور جمہوریت اقدار کے فروغ کے لیے چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی۔ وزیرتعلیم نے کہا کہ صرف ایک سال کے اندر میگا پراجیکٹس کی شروعات اور ہزاروں نئی آسامیوں کی تخلیق، سینکڑوں افراد کی میرٹ پر تعیناتیاں پی پی کی حکومت کا کارنامہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو مقامی نمائندوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے اندر جمہوریت کی بحالی، اداروں کے استحکام، سیاسی اداروں، باہمی احترام اور تعمیر و ترقی کے لیے پیپلز پارٹی کی جدوجہد لائق تحسین ہے۔ 

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ریاست کے اندر تعلیم کے فروغ، اداروں کے اندر اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے، تعلیمی معیار، اور عملہ کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے موجودہ حکومت نے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت نے مختلف کالجز کے اندر داخلوں کے حوالے سے عوامی شکایات کے ازالے کو یقینی بنانے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے، کسی طالبعلم کو داخلہ سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ خراب کارکردگی دکھانے والوں کو احتساب کے لیے تیار رہنا ہو گا۔


خبر کا کوڈ: 193860

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/193860/عوامی-خدمت-پیپلز-پارٹی-کی-حکومت-کا-طرہ-امتیاز-ہے-مطلوب-انقلابی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org