QR CodeQR Code

صدر آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو

9 Sep 2012 12:39

اسلام ٹائمز: دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے سندھ میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور ملک کے مجموعی سیاسی حالات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر الطاف حسین نے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے سلسلے میں ذاتی طور پر دلچسپی لینے پر صدر آصف زرداری کا شکریہ ادا کیا۔


اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان سندھ میں بلدیاتی نظام کے نفاذ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور ملک کے مجموعی سیاسی حالات کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کیلئے پورے سندھ میں نافذ کیا گیا ہے جس کیلئے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے رات دن محنت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے مسائل کے حل، سندھ سمیت پورے ملک کی ترقی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے ایم کیو ایم سمیت تمام حلیف جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

اس موقع پر الطاف حسین نے کہا کہ سندھ میں عوام کے بنیاد ی مسائل کے حل اور ان کے محلوں، گلیوں اور گھروں تک انصاف کی فراہمی کیلئے سندھ کی منتخب حکومت کی جانب سے بلدیاتی نظام کا نفاذ ایک مثبت عملی کوشش ہے لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ بعض عناصر نہ صرف اس عوام دوست نظام کی بیجا مخالفت کر رہے ہیں بلکہ اس کی آڑ میں سندھ کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ الطاف حسین نے کہا کہ جو عناصر سندھ دھرتی کا امن خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی مل کر ان امن دشمن عناصر کے خلاف جدوجہد کرینگے۔ انہوں نے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے سلسلے میں ذاتی طور پر دلچسپی لینے اور اس ضمن میں بھرپور توجہ دینے پر صدر آصف زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم عوام کے مسائل کے حل اور جمہوریت کی بقاء کیلئے مل کر کام کرتی رہیں گی۔


خبر کا کوڈ: 193932

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/193932/صدر-آصف-علی-زرداری-اور-ایم-کیو-کے-قائد-الطاف-حسین-درمیان-ٹیلیفون-پر-گفتگو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org