QR CodeQR Code

جو کچھ کیا پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے کیا، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

9 Sep 2012 16:05

اسلام ٹائمز:ممتاز ایٹمی سائنسدان کا کہنا ہے کہ آمر پرویز مشرف سے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، پرویز مشرف قومی مجرم ہے اسے انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لا کر اسکے خلاف مقدمہ چلایا جائے، عوام کے نام پر سیاست کرنیوالوں نے دھوکہ دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ممتاز ایٹمی سائنسدان و تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ٹیلی فون پر ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے جو خدمات سرانجام دینا تھیں وہ دیدی ہیں مجھے آمر پرویز مشرف سے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، پرویز مشرف قومی مجرم ہے اسے انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لا کر اسکے خلاف مقدمہ چلایا جائے، عوام کے نام پر سیاست کرنیوالوں نے عوام کو صرف دھوکہ دینے کے سوا کچھ نہیں کیا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ عنقریب اپنی جماعت کے کوارڈی نیٹر چودھری خورشید زمان کے ہمراہ ملک بھر کے دورے کرونگا جس میں عوام خصوصاً نوجوان نسل کو بیدار اور متحرک کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر اس محب وطن سیاسی جماعت کے ساتھ مل کر چلنے کے لئے تیار ہیں جو ذاتی مفادات کی بجائے ملک و قوم کا درد رکھتی ہو۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ عوام اور نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد روزانہ رابطہ کرتی ہے جو ملک کے موجودہ حالات کی وجہ سے انتہائی پریشان ہیں، ہم صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کو متحد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے لیکن بدقسمتی سے ہم آج بھی کشکول اٹھائے پھر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو پاکستان کی بنجر زمینوں کو آباد کر کے یہاں اجناس پیدا کر کے ملک کو زرعی اجناس میں خودکفیل کرنے کیساتھ بیرونی دنیا کو بھی اسکی فروخت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے پاکستان کی نوجوان نسل سے بہت امیدیں اور انہیں متحرک کرنے کے لئے عنقریب ملک کے دورے شروع کرونگا۔

انہوں نے انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں جو بھی بہتر ہوا و ہ اقدام اٹھائینگے اور ہر اس محب وطن سیاسی جماعت کیساتھ ملکر چلنے کو تیار ہیں جو پاکستان کے لئے درد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی یہ ہے کہ قائداعظم کے بعد سے آج تک پاکستان کو مخلص قیادت نصیب نہیں ہوئی اگر ہوئی بھی تو ملک اور اسلام دشمن قوتوں نے ان کے خلاف سازشیں کر کے انہیں راستے سے ہٹا دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم بیداری کا مظاہرہ کرئے اور استعمار کے ایجنٹوں کی شناخت کرئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف نے ایٹمی سائنسدان کے خلاف بیان بازی کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ انہیں ایٹم بم بنانا ہی نہیں آتا اور اس حوالے سے ڈاکٹر قدیرخان ’’ان پڑھ ‘‘ ہیں۔ جس پر ڈاکٹر قدیر خان کے چاہنے والوں نے سابق صدر پرویز مشرف کی اس بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ہرزہ سرائی قرار دیا۔ ڈاکٹر قدیر خان کے پرستاروں میں نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود ہیں جنہوں نے پرویز مشرف کی جانب سے ایسا بیان جاری کرنے کی مذمت کی ہے۔


خبر کا کوڈ: 194008

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/194008/جو-کچھ-کیا-پاکستان-اور-امت-مسلمہ-کیلئے-ڈاکٹر-عبدالقدیر-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org