1
0
Thursday 13 Sep 2012 09:23

کرگل میں عظیم الشان ولایت فقیہ کانفرنس کا انعقاد

کرگل میں عظیم الشان ولایت فقیہ کانفرنس کا انعقاد

جموں و کشمیر کے کرگل خطے میں بعثت اسلامک میڈیا سنٹر کرگل اور مطہری فکری و ثقافتی مرکز کشمیر کے زیراہتمام ولایت فقیہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایران سے آئے ہوئے معزز مہمانوں کے علاوہ علامہ محمد قاضی عسکری اور مولانا غلام حسین متو نے خطاب کیا، کانفرنس کی پہلی نشست میں مولانا غلام حسین متو نے اپنے خطاب میں ولایت فقیہ کی اہمیت و افادیت سے سامعین کو مستفید کیا، انہوں نے کہا کہ ولی فقیہ انبیاء و اوصیاء کا وارث ہوا کرتے ہیں، آپ اپنے دین کے ماہر ہوا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صرف ولی فقیہ کے پاس وہ طاقت و جرات ہوتی ہے کہ وہ استعماری سازشوں کا منہ توڑ جواب دے۔

مولانا غلام حسین متو نے بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک فلم فلمانے کے لئے دس دس کروڑ روپے خرچ کرتا ہے اور معاشرہ سازی کی کوشش کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر وہ ایک فلم کی لاگت کا پانچواں حصہ ولایت فقیہ کانفرنس میں خرچ کرے تو انہیں یہ کانفرنس بہترین آیڈئل اور بہترین مشل راہ دے گی، انہوں نے کہا کہ بھارت بدترین و ذلیل ترین افراد کو لوگوں کے لئے نمونہ بنا کر پیش کرتا ہے اور ان پر کثیر تعداد میں رقم خرچ کرتا ہے، مولانا غلام حسین متو نے مزید کہا کہ آج وہ حقوق بشر کی بات کرتے ہیں جو ہیومن رائٹس کی الف ب سے بھی آشنا نہیں ہوتے۔
 
ولایت فقیہ کانفرنس کی دوسری نشست میں جمہوریہ اسلامی ایران سے آئے ہوئے مہمان علامہ داود صالحی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ولایت فقیہ انبیاء (ع) کی ولایت کا تسلسل ہے، انہوں نے کہا کہ آج ظلم، قتل و غارت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ مظلومین کی کوئی قیادت اور کوئی رہنمائی نہیں ہے، ظلم سے نجات ہمیں اسی صورت میں ملے گی کہ جب امت کے پاس کوئی رہبر و قائد ہو، انہوں نے کہا کہ استعمار و استکبار بھی یہی چاہتا ہے کہ امت بغیر کسی قائد کے ہو، علامہ داود صالحی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران سے پہلے اگر کوئی امریکی ایران میں کسی عالم دین کا قتل کرتا تو کسی کی ہمت نہیں تھی کہ اس کے خلاف آواز اٹھاتا لیکن اب ایران کا فرد فرد ولی فقیہ کے زیر سایہ محفوظ، باعزت اور باجرات زندگی گذار رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ یہ ولایت فقیہ ہی ہے کہ جس نے نتین یاہو کی راتوں کی نیند اڑائی ہے۔ رہبر معظم سید علی امام خامنہ ای کے بارے میں علامہ داود صالحی نے کہا کہ آپ پوری امت مسلمہ کی فکر میں ہیں، اور ساری امت کا درد انکے سینے میں ہے، علامہ داود صالحی نے کہا کہ جس طرح امام علی (ع) کے سینے میں امت کے لئے درد تھا اسی طرح امام خامنہ ای کے سینے میں بھی امت کے لئے درد ہے، انہوں نے کہا کہ جس وقت حزب اللہ بن رہی تھی اس وقت یاسر عرفات کے پاس کھربوں ڈالر موجود تھے، سینکڑوں ٹینکس اس کے پاس تھے، لیکن وہ اسرائیل کا ایک بال بھی بیگا نہیں کرسکا، لیکن حزب اللہ کی قلیل تعداد نے اسرائیل کو شکست دی۔
 
انہوں نے کہا کہ یہ برکت ہے ولی فقیہ کی، اور اسکے زیر سایہ زندگی گذارنے کی، انہوں نے کہا کہ دوست و دشمن یہ اعتراف کرتے ہیں کہ آج دنیا میں کوئی ایسی شخصیت نہیں ہے کہ جس کا توسل اللہ سے ولی فقیہ سے زیادہ ہو۔ ولایت فقیہ کانفرنس کے آخر میں دہلی سے آئے ہوئے جامعہ اہل بیت (ع) کے مدیر علامہ سید محمد قاضی عسکری نے اپنی تقریر میں ولایت فقیہ پر مفصل روشنی ڈالی اور ولی فقیہ کی اہمیت و افادیت کے ھوالے سے سامعین کو مستفید کیا، انہوں نے کہا کہ دنیا کا نظام ایک لمحے کے لئے بھی نہیں چل سکتا کہ اگر کوئی صحیح سسٹم چلانے والا نہ ہو اور کوئی قیادت کرنے والا نہ ہو، انہوں نے کہا کہ کوئی فرد دنیا میں ہو ہی نہیں سکتا ہے کہ جس کی زندگی میں ولی فقیہ کا مثبت اثر نہ پایا جاتا ہو۔

خبر کا کوڈ : 194051
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

خدا آپ لوگوں کو تمام راه میں موفق کرے
متعلقہ خبر
ہماری پیشکش