QR CodeQR Code

موجودہ حکومت میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی، عمران خان

9 Sep 2012 20:09

اسلام ٹائمز: لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی حالانکہ ان کے پاس اپنے پاور اسٹیشنز بنانے کے اختیارات تھے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ کی تمام جماعتیں لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے خلاف ہیں، بلدیاتی آرڈیننس بدنیتی پر مبنی ہے، ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ تحریک انصاف کے خوف سے نورا کشتی کررہی ہیں، ن لیگ "نورا لیگ" ہے اس سے اتحاد نہیں ہوسکتا۔ عمران خان نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی صرف اشتہارات کی حد تک ہی نظر آتی ہے۔ موجودہ حکومت میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی۔ 

عمران خان نے کہا کہ صوبوں میں سب سے بُری کارکردگی پنجاب کی رہی۔ پنجاب میں ایگری کلچر گروتھ ایک فیصد ہے۔ پنجاب حکومت نے ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی حالانکہ ان کے پاس اپنے پاور اسٹیشنز بنانے کے اختیارات تھے۔ موجودہ حکومت کے دور میں صوبے میں جرائم کی شرح میں 12 فیصد، پراپرٹی پر قبضے کی شرح میں 40 فیصد اور زیادتی کے واقعات میں 22 فیصد اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے دور میں پنجاب کے 5700 سکول بند ہو چکے ہیں۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کے لئے ایک بستر کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔ موجودہ حکومت کے دور میں قرضوں میں 80 ارب روپے اضافہ ہوا جبکہ پنجاب حکومت نے سب سے کم بجٹ تعلیم کے شعبے پر خرچ کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ریپڈ بس سروس منصوبے کے لئے سڑکیں دوبارہ توڑی گئیں، نہ جانے یہ ریپڈ بس سروس پنجاب کو چاند پر لے کر جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 194064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/194064/موجودہ-حکومت-میں-سب-سے-زیادہ-کرپشن-ہوئی-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org