0
Monday 10 Sep 2012 23:15

پیپلز پارٹی اور متحدہ نے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے، شاہی سید / شاہ محمد شاہ

پیپلز پارٹی اور متحدہ نے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے، شاہی سید / شاہ محمد شاہ
اسلام ٹائمز - رات کی تاریکی میں سندھ کی وحدت پر شب خون مارا گیا ہے، جمہوری دور میں آرڈیننس کا اجراء شرمناک عمل ہے، سندھ کو متحد رکھنے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھ دی ہے، 13 ستمبر کی ہڑتال بھرپور کامیاب ہوگی، اگر اس کو پرتشدد بنانے کی سازش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری ایم کیو ایم پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی رہنما شاہ محمد شاہ نے مردان ہاﺅس میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی رہنما شاہ محمد شاہ نے مردان ہاﺅس میں ملاقات کی۔ دونوں پارٹیوں کے رہنماﺅں کے مابین نئے بلدیاتی نظام پر تبادلہ خیال ہوا اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنماﺅں نے اے این پی کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ 13 ستمبر کی ہڑتال کی حمایت کریں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شاہی سید نے کہا کہ ملاقات میں بلدیاتی نظام پر بات چیت ہوئی ہے اور ہم سب کا تقریباً ایک موقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری دور میں آرڈیننس کا اجراء انتہائی شرمناک عمل ہے۔ حکمرانوں نے رات کی تاریکی میں سندھ کی وحدت پر شب خون مارا ہے۔ ہم سندھ کو متحد رکھنے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کی حمایت کا فیصلہ مرکزی قیادت کرے گی اور ہم نے مرکزی قیادت کو تمام صورتحال سے آگاہ کردیا ہے۔ سندھ کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہم کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔ اس موقع پر سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی رہنما شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ملاقات میں بلدیاتی نظام پر تفصیلی بات ہوئی، اے این پی نے جو موقف اختیار کیا ہے ہم انہیں اس پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے سندھ کی تقسیم کی بنیاد رکھی ہے، ہم ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اپنی دھرتی کا ہر ممکن تحفظ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 13 ستمبر کو سندھ کے عوام پہیہ جام اور شٹر ڈاﺅن ہڑتال کے ذریعے ثابت کریں گے کہ وہ اس نظام کو مسترد کرتے ہیں۔ ہماری ہڑتال پرامن ہے۔ اگر اسے پرتشدد بنانے کی کوشش کی گئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری ایم کیو ایم پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیگر جماعتوں سے بھی ہڑتال کی کامیابی اور بلدیاتی نظام کے حوالے سے متفقہ موقف کےلئے رابطے کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 194130
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش