0
Monday 10 Sep 2012 15:49

امریکا ہمارے تعلیمی نصاب کی تبدیلی پر بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہا ہے، حافظ سعید

امریکا ہمارے تعلیمی نصاب کی تبدیلی پر بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہا ہے، حافظ سعید
اسلام ٹائمز۔ مرکز القادسیہ چوبرجی لاہور میں اساتذہ کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان میں سیکولر نظام تعلیم مسلط کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، حکمران ڈالروں کے لالچ اور اپنے ذاتی مفادات کی خاطر نوجوان نسل کے اخلاق و کردار تباہ کرنے کی سازشوں سے باز رہیں، تعلیمی نظام میں تبدیلیاں کروانا امریکی گلوبلائزیشن اور امریکی نیو ورلڈ آرڈر کا حصہ ہے، اساتذہ اس بات کا عہد کریں کہ وہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں اسلام دشمن قوتوں کی تعلیمی پالیسیاں نہیں چلنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آ ج صرف ہتھیاروں سے جنگیں نہیں لڑی جا رہیں، اساتذہ، طلباء اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو کفار کی سازشوں سے مکمل طور پر باخبر رہنا چاہیے اور ان کے توڑ کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعۃالدعوۃ قوم میں شعور بیدار کرنے کیلئے پورے ملک کے کونے کونے میں سیمینارز اور کنونشن منعقد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی گلوبلائزیشن اور نیو ورلڈ آرڈر کے مقابلہ میں ہم اسلامک ورلڈ آرڈر کا پروگرام رکھتے ہیں جس کی بنیاد کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے مفادات اور علاقائیت کی بنیاد پر نہیں، پاکستان کا تعلیمی نظام برباد کرنے کی صیہونی سازشیں ان شاءاللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے، یہ امریکہ، برطانیہ، روس اور بھارت سے لڑ کر معرض وجود میں آیا تھا، اس میں نصاب تعلیم سیکولر اور الحادی نہیں ہونا چاہئے، بیرونی قوتوں کی جانب سے پاکستان کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ یہاں تعلیمی نظام میں اللہ اور اس کے رسول(ص) کا کوئی ذکر نہ ہو، منظم منصوبہ بندی کے تحت یہاں الحاد، بے دینی اور سیکولر ازم کو فروغ دیا جا رہا ہے اور کوششیں کی جا رہی ہیں کہ اس ملک میں اسلامیت کا کوئی تصور نظر نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں تعلیم کو وہ اہمیت نہیں دی گئی جو دی جانی چاہیے تھی، لمحہ فکریہ ہے کہ ہمارے اساتذہ کیلئے غیر ملکی طاقتیں نصاب مرتب کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ بچوں کی تربیت اچھے انداز میں کریں، تعلیم کو اللہ کی رضا کے حصول کا ذریعہ بنایا جائے اور بچوں کی کردار سازی پر توجہ دی جائے۔ جماعۃالدعوۃ شعبہ تعلیم کے مدیر مولانا سیف اللہ خالد نے کہا کہ نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کی طرح تعلیمی نظام کیخلاف سازشیں ناکام بنانا بھی انتہائی ضروری ہے، یونیسف اور یونیسکو کے نوکر ہمارے بچوں کا تعلیمی نصاب مرتب کر رہے ہیں ہمیں ان سازشوں سے باخبر رہنے اور متحد ہو کر انہیں ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ کے بنیادی قاعدہ میں اے سے اللہ پڑھایا جاتا ہے تاکہ شروع سے ہی بچوں کے ذہن میں لاالہ الا اللہ کا تصور پختہ ہو جائے، قرآن و حدیث اور سائنس کی تعلیم کو اکٹھا کر کے پڑھانے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 194319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش